پاکستانی تاجر معاشی معجزے رونماکرسکتے ہیں،انہیں اٹلی کے تاجروں کیساتھ اپنے رابطے مضبوط تر بنانے چاہئیں ‘ اٹالین سفیر

اٹلی کے تاجر پاکستان کو بہترین ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر دیکھتے ،پاکستانی تاجروں کے ساتھ ملکر بہت سے معاشی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے خواہش مند ہیں‘‘سٹیفانو پونٹ کروو کی ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی خادم حسین سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 14 اپریل 2018 15:00

پاکستانی تاجر معاشی معجزے رونماکرسکتے ہیں،انہیں اٹلی کے تاجروں کیساتھ اپنے رابطے مضبوط تر بنانے چاہئیں ‘ اٹالین سفیر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2018ء) پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹ کروو نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کا اہم ترین ملک اور ایک روشن مستقبل کا حامل ہے، پاکستانی تاجر "معاشی معجزی"رونما کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، انہیں اٹلی کے تاجروں کے ساتھ اپنے رابطے مضبوط تر بنانے چاہئیں تاکہ وہ ان کی مہارت و تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔

پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اور ایوان لاہور صنعت و تجارت کے سابق ایگزیکٹو ممبر چودھری خادم حسین سے خصوصی ملاقات میں سفیر نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کو بہترین ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر دیکھتے اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر بہت سے معاشی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چودھری خادم حسین پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو اٹلی کا دورہ کرنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ وہاں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے سکیں۔

چودھری خادم حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی سیکٹرز کی مطابقت سے سٹڈی کریں تاکہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہترین ہے جس سے اٹلی کے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ڈیویڈنڈ اور منافع کی وطن واپس ترسیل پر کوئی پابندی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کے توانائی، ایگروبیسڈ انڈسٹریز، تعمیرات، مائننگ، ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے کیونکہ یہ تیزی سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ڈیری و لائیوسٹاک کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے ، اس شعبے میں اٹلی کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں