21ویں کامن ویلتھ گیمز ، چیف ڈی مشن پاکستان کی زیر صدارت کوآرڈینیشن اجلاس

اٴْمید ہے پاکستانی کھلاڑی اپنی محنت ، کارکردگی اور کردار سے ملک کیلئے نیک نامی کا باعث بنیں گے، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین

جمعہ 16 مارچ 2018 21:59

21ویں کامن ویلتھ گیمز ، چیف ڈی مشن پاکستان کی زیر صدارت کوآرڈینیشن اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) چیئرمین واپڈا اور 21ویں کامن ویلتھ گیمز کیلئے پاکستانی دستہ کے چیف ڈی مشن لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کی زیر صدارت واپڈا ہائوس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود ، سیکرٹری واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر عامر احمد ، پاکستان سپورٹس بورڈکے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) سید حبیب شاہ ، کھیلوں کی قومی فیڈریشنز کے نمائندگان اور پاکستانی دستہ میں شامل ٹیموں کے منیجرز اور کوچز شریک ہوئے، اجلاس کا مقصد اپریل میں آسٹریلیا کے شہر گولڈکوسٹ میں منعقد ہونے والی 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستہ کی شمولیت کیلئے انتظامات ، تیاریوں اور کوآرڈینیشن پلان پر تبادلہ خیال کرنا تھا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی دستہ کے چیف ڈی مشن لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے اٴْمید ظاہر کی کہ گیمز کے دوران پاکستانی کھلاڑی اور منتظمین کھیل کے میدان کے اندر اور باہر اپنی محنت ، کارکردگی ، ٹیم سپرٹ ، روّیہ اور کردار سے ملک کیلئے نیک نامی کا باعث بنیں گے، گیمز کے دوران کوآرڈینیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستانی کھلاڑی مقابلوں کے دوران مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ گیمز کے دوران اٴْن کی حیثیت ملک کے سفیر کی مانند ہوگی، اجلاس کے دوران ٹیموں کی تیاری ، اہداف اور متوقع کامیابیوں بارے بھی گفتگو کی گئی،21ویں کامن ویلتھ گیمز میں شمولیت کرنے والا دستہ 87افراد پر مشتمل ہے جس میں 56کھلاڑی اور 31منتظمین شامل ہیں، پاکستانی دستہ میں شامل ٹیمیں اور کھلاڑی 10مختلف کھیلوں میں شریک ہوں گے، ان کھیلوں میں اتھلیٹکس ، بیڈ منٹن ، باکسنگ ، ہاکی ، شوٹنگ ، سکوائش ، سوئمنگ ، ٹیبل ٹینس ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ شامل ہیں۔

۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں