لاہور،اصل دولت مال و زر ، بینک بیلنس اور عالی شان محلات نہیں بلکہ مخلوق خدا کی خدمت ہے، حافظ محمد ادریس

دولت کے پجاری کرپٹ حکمرانوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آدھی دنیا پر حکمرانی کرنے والا سکندر اعظم اور دولت کے انبار رکھنے والا قارون بھی دنیا سے خالی ہاتھ گیا تھا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن

جمعہ 16 مارچ 2018 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ دولت کے پجاری کرپٹ حکمرانوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آدھی دنیا پر حکمرانی کرنے والا سکندر اعظم اور دولت کے انبار رکھنے والا قارون بھی دنیا سے خالی ہاتھ گیا تھا ۔

دولت کی ہوس میں مبتلا لٹیروں کو سمجھ لینا چاہیے کہ اگر پوری دنیا کی دولت بھی انہیں مل جائے تو دنیا کی چند روزہ عیش کے سوا انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا اور آخرت میں رسوائی ملے گی۔ اصل دولت مال و زر ، بینک بیلنس اور عالی شان محلات نہیں بلکہ مخلوق خدا کی خدمت ہے ۔ یہی دولت آخرت میںکام آئے گی ۔ دنیا کو جنت سمجھنے والوں کو دھوکے سے نکل کر آخرت کی ابدی جنت کی فکر کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اس میں پڑوسیوں کے حقوق اور حکمرانوں پر رعایا کے حقوق و فرائض کا تفصیلی ذکر ہے ۔ مسلمان حکمرانوں کی زندگیوں کی تاریخ میں مثالیں موجود ہیں ۔ انگریز آج بھی حضرت عمرؓ کے دور حکمرانی کے قوانین کو اپنے ممالک میں نافذ کر کے انہیں جنت نظیر بنائے ہوئے ہیں ان کے مقابلے میں مسلمان حکمران انہیں بھول چکے ہیں ۔ وہ عوام کے حقوق کا خیال رکھنے کے بجائے ان پر ظالمانہ ٹیکس لگا کر ان کی زندگیوں کو اجیرن بنائے ہوئے ہیں ۔

حکمران صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں جس کی وجہ سے عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ تعلیم ، علاج اور انصاف کا حصول عام آدمی کے بس میں نہیں رہا۔ قانون کی گرفت میں صرف کمزور آتاہے اور طاقتور کے لیے قانون موم کی ناک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جہاں غریب اور امیر کے لیے قانون ایک نہ ہو ، وہاں تباہی اور بربادی ڈیرے ڈال لیتی ہے ۔ غریب کو انصاف نہ ملنے سے معاشرے تباہی سے دوچار ہوجاتے ہیں اور تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں