ْپی ایس ایل میچز کو بہترین انتظامات سے یادگار بنا دیں گے‘صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال قائم کیا جائیگا اور شائقین کرکٹ کو مختلف روٹس سے شٹل سروس بھی فراہم کی جائیگی‘اجلاس سے خطاب

پیر 12 مارچ 2018 18:49

ْپی ایس ایل میچز کو بہترین انتظامات سے یادگار بنا دیں گے‘صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)کے لاہور میں سیمی فائلز کے انعقاد کیلئے بہترین انتظامات کرے گی جس سے ان میچز کو یادگار بنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیراحمد سید،چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز، میٹروپولیٹن کارپوریشن ، ایل ڈی اے، واسا، صحت اور دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پی ایس ایل کے لاہور میں ہونیوالے دو میچز کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ یہ لاہور کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پی ایس ایل کے دو میچز میں دنیا کے سٹار کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا ہم ان میچز کو بہترین سہولتیں فراہم کرکے یادگار بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے جبکہ شائقین کرکٹ کو مختلف روٹس سے شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔پی ایس ایل کے میچز کیلئے پارکنگ کی وسیع سہولت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر کھیل نے واسا او ر ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی وہ شائقین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی حدود میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، عملہ میچز کے دوران ہمہ وقت فرائض سرانجام دے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں