رواں ماہ صوبے کے مختلف اضلاع میں پی ایچ پی کی 26نئی چیک پوسٹیں آپریشنل کی جارہی ہیں‘امجد جاوید سلیمی

17ء میں پنجاب ہائی وے پٹرول نے بغیر نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 8لاکھ موٹر سائیکلوں کوچیک کیا بغیر کاغذات والی لاکھوں موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کروائی گئی ،گرین ہائی وے مہم کے تحت شاہرات اور پٹرولنگ پوسٹوں پر شجرکاری اور تجاوزات کے خلاف مہم بھی تیزی سے جاری ہے ‘ایڈیشنل آئی جی پنجاب

پیر 12 مارچ 2018 18:46

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ رواں ماہ صوبے کے مختلف اضلاع میں پی ایچ پی کی 26نئی چیک پوسٹیں آپریشنل کی جارہی ہیںجس سے مزید 900کلومیٹر شاہرات پر عوام کا سفر محفوظ ہوجائے گا اور ہائی وے رابری کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں خاص مدد ملے گی ،2017ء میں پنجاب ہائی وے پٹرول نے بغیر نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 8لاکھ موٹر سائیکلوں کوچیک کیاگیا اور بغیر کاغذات والی لاکھوں موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کروائی گئی جبکہ گرین ہائی وے مہم کے تحت شاہرات اور پٹرولنگ پوسٹوں پر شجرکاری اور تجاوزات کے خلاف مہم بھی تیزی سے جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پی ایچ پی کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر ،ایس ایس پی راولپنڈی ریجن افضال کوثر،ایس ایس پی لاہور ریجن زبیر دریشک ، ایس ایس پی ڈی جی خان ریجن گوہر مشتاق بھٹہ ، ایس پی گوجرانوالہ ریجن شجاعت علی رانا ، ایس پی فیصل آباد ریجن ام سلمی، ایس پی بہاولپور ریجن ہما نصیب ، ایس پی ملتان ریجن سجاد حسین ، ایس پی سرگودھا ریجن حسن جمیل حیدر سمیت تمام ضلعی ڈی ایس پی صاحبان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پی ایچ پی کی ماہ فروری کی مقابلتا کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی امجد جاوید سلیمی کو بتایا گیا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کی سال 2017کی سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع ہوگئی ہے جس کے مطابق پٹرولنگ پولیس نے پچھلے سالوںکی نسبت 500گنا زیادہ کام کیا ہے جبکہ گاڑیاں پرانی ہونے کے باوجود بہترین حکمت عملی کے باعث پنجاب ہائی وے پولیس کی پرفارمنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ۔

ایڈیشنل آئی جی امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میںپٹرولنگ پوسٹوں کی مرمت کیلئے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے جاری کردئیے گئے ہیں تمام ایس پی صاحبان تعمیراتی کاموں کو ذاتی نگرانی میں جلد از جلد مکمل کروائیں ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جاری ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کو سینئر افسران اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں اور فٹنس ٹیسٹ میں دوسری مرتبہ بھی ناکام ہونے والے ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں ۔

انہوں نے مز ید کہا کہ عوامی مقامات پر ٹریفک قوانین کی پابندی ، روڈ سیفٹی اور سیلف ڈیفنس کے حوالے سے دئیے جانے والے لیکچرز میں ملٹی میڈیا کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی آگاہی کے مد نظر ہونے والے ان اقدامات کا عوا م کو بھرپور فائدہ پہنچ سکے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں