ڈینگی ریگولیشنز کو فوری طور پر نوٹیفائی کیا جائے ‘خواجہ سلمان رفیق

کسی بھی ہسپتال سے ڈینگی کے مریضوں کی انڈر رپورٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی‘صوبائی وزیر

پیر 12 مارچ 2018 18:46

ڈینگی ریگولیشنز کو فوری طور پر نوٹیفائی کیا جائے ‘خواجہ سلمان رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں ڈینگی سیزن شروع ہوجانے کے پیش نظر پنجاب پریونشن اینڈ کنٹرول آف ڈینگی ریگولیشنز کو فوری طور پر نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں ڈینگی سرویلنس اور ویکٹر کنٹرول کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو موثر طور پر روکا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات یہاں سول سکریٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم، پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس اور ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے ڈاکٹرز بھی اجلاس میں موجود تھے ، دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں حصہ لیا اور ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ضلعی سطح پر جاری سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شہناز نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کے بارے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے بھی شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ بخار کے ساتھ آنے والے مریضوں کو بطور مشتبہ ڈینگی کیس ٹریٹ کرتے ہوئے ان کی سکریننگ کی جائے تاکہ اس حوالے سے کوئی کمی نہ رہ جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہسپتال سے ڈینگی کے مریضوں کی انڈر رپورٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ضلعوں میں ویکٹر سرویلنس اور ڈینگی کی روک تھام کی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہناز نے اجلاس کو بتایا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجوادی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈینگی سیزن میں سرویلنس کے لئے اضافی عملہ تعینات کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق ڈیمانڈ تیار کرکے بھیجوائیں تاکہ بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں