صحافت ،جمہوریت کا چولی دامن کاساتھ ہے جمہوریت فروغ پائے گی تو ملک میں آزاد صحافت کو بھی تقویت حاصل ہو گی‘رفیق رجوانہ

ملک کی موجودہ قیادت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ معلومات کے اس دور میں ریاست کا یہ چوتھا ستون اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرے ‘گورنر پنجاب

پیر 12 مارچ 2018 18:46

صحافت ،جمہوریت کا چولی دامن کاساتھ ہے جمہوریت فروغ پائے گی تو ملک میں آزاد صحافت کو بھی تقویت حاصل ہو گی‘رفیق رجوانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صحافت اور جمہوریت کا آپس میں چولی دامن کاساتھ ہے جمہوریت فروغ پائے گی تو یقینا ملک میں آزاد صحافت کو بھی تقویت حاصل ہو گی،ملک کی موجودہ قیادت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ معلومات کے اس دور میں ریاست کا یہ چوتھا ستون اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کی نومنتخب باڈی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے معروف صحافی اور تجزیہ نگار سلمان غنی اور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج یقینا معاشرے میں بسنے والے افراد کے شعور میں اضافہ یقینا صحافت ہی کا مرہون منت ہے کیونکہ اہل قلم اپنی تحریروں کے ذریعے نہ صرف عوام کی ذہنی آبیاری کرتے ہیں بلکہ معاشرے کے مسائل کے حل میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں - انہو ںنے کہا کہ ہم نے قلمکاروں کی تنقید کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیا ہے اور اس سے نہ صرف اپنی اصلاح کی ہے بلکہ ایسے صحافیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی بھی کی ہے - انہو ںنے کہا کہ صحافت ہمارے معاشرے کا آئینہ ہے اور صحافی عوام کی کان اور آنکھیں ہیں -گورنرپنجاب نے کہا کہ ہمارے متعدد صحافتوں نے سچائی کی کھوج میں تشدد کو بھی برداشت کیا جبکہ بعض نے حق کا علم بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ’’فبای الاء ِربکما تکذبن‘‘کا بہترین نمونہ ہے اور ہمیں ان نعمتوں کی قدر کرتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتیں ارض پاک کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے صرف کرنی چاہئیں-انہو ںنے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کی رائے کااحترام کرنے اور باہمی برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا - انہوں نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پریس کلب کی موجودہ باڈی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے منتخب نمائندوں سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔

اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری نے بتایا کہ موجودہ باڈی ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور صحافیوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے - انہو ںنے بتایا کہ حال ہی میں حکومت پنجاب کے تعاون سے صحافی کالونی میں موجود بی بلاک سے قابضین کا قبضہ چھڑا کر صحافیوں کے پلاٹوں کو بحال کیا گیا ہے جس پر صحافی وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کے شکر گذار ہیں - انہو ںنے کہا کہ صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ دینے اور ان کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لیے متعدد پروگرام زیر غور ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں