کینیا پتی یا مانگا منڈی برانڈ، لاہوریوں کو ناقص اور مضر صحت پتی فراہم کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی

مانگا منڈی میں جعلی پتی تیار کرنے والی فیکٹری سیل، 4 ہزار کلو پتی، 2 پیکنگ مشینیں،5 ڈرم رنگ برآمد،وارننگ نوٹس پر عمل نہ کرنے پر ایم ایم عالم روڈ پر معروف بیکری ، چوبرجی میں بروسٹ پوائنٹ سیل ،دروغہ والا ک معروف ملک پوائنٹ بھی دوبارہ سیل، سیل کے ساتھ چھیڑ خانی پر 2کیخلاف مقدمات درج قانونی طور پردرخواست دائر کر کے ڈی سیل ہونے کے علاوہ بند کاروبار کو کھولنے کا کوئی راستہ نہیں‘ اے ڈی جی آپریشنز

اتوار 25 فروری 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائی نے چائے پینے کے شوقین حضرات کوبال بال بچا لیا، بھاری مقدار میںلاہوریوں کو رنگ کی گئی ناقص اور مضر صحت پتی فراہم کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے قریبی شہرمانگا منڈی کے مضافات میں عطا فوڈز پروڈکشن نامی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں پر جعلی پتی تیار کی جارہی تھی۔

اے ڈی جی آپریشنز رافیعہ حیدر نے بتایا کہ کاروائی کے دوران فیکٹری سے 4 ہزار کلو سے زائد پتی، 2 پیکنگ مشینیں، تیار رنگ کے 5 ڈرم جبکہ بھاری مقدار میں پیکنگ مٹریل برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں بھاری مقدار میں چوکر، برادہ اور دیگر ملاوٹی اجزاء بھی برآمد کر لیے گئے۔ رنگ زدہ پتی تیار کر کے مختلف ناموں سے پیک کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

جعلی پتی کو کینیا اور دیگر ممالک سے درآمد کردہ بتایا جاتا تھا۔

اے ڈی جی آپریشنز نے عوام سے گزارش کی کہ ہمیشہ مستند جگہ سے اشیاء خریدیں اور خریدتے وقت لیبل ضرور پڑھیں۔ کسی بھی شک شبہ کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مطلع کریں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے مزید کاروائیاں کرتے ہوئے ایم ایم عالم روڈ پر معروف بیکری کو بھی سیل کر دیا گیا۔ بیکری کو وارننگ نوٹس پر عمل نہ کرنے، ناقص اشیاء کے استعمال پر سیل کیا گیا۔

چوبرجی کے علاقے میں معروف بروسٹ پوائنٹ کو بھی سیل کر دیا گیا۔بروسٹ پوائنٹ کو ناقص اجزاء اور بدترین صفائی پر سیل کیا گیا تاہم سیل ہونے کے بعد بھی کام کرنے کی کوشش پر بروسٹ پوائنٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔ دروغہ والا چوک میںمعروف ملک پوائنٹ بھی دوبارہ سیل کر دیا گیا۔ گزشتہ ہفتے سیل ہونے والے ملک پوائنٹ کو بھی زبردستی کھولنے کی کوشش کی گئی تھی۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی رافیعہ حیدر کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی سیلوں کے ساتھ چھیڑ خانی قابل مقدمہ جرم ہے۔ قانونی طور پر ڈی سیل ہونے کے علاوہ بند کاروبار کو کھولنے کا کوئی راستہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں