پنجاب کی بیورو کریسی حکومتی ایماء پر ہڑتال کر رہی ہے، اعتزاز احسن

ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس نوازشریف کے بگڑے لاڈلے ہیں،سینئر رہنما پی پی

اتوار 25 فروری 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیورو کریسی حکومتی ایماء پر ہڑتال کر رہی ہے اور اس ہڑتال میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی ملوث ہے کیونکہ بیورو کریٹس کی ہڑتال کرنے پر وفاق حکومت ان کیخلاف مقدمہ درج کرواسکتی تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس نوازشریف کے بگڑے لاڈلے ہیں اوربیورو کریٹس کی ہڑتال بغاوت کے زمرے میں آتی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء آرٹ سینٹر میں منعقدہ لٹریری فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ بیورو کریٹس کی ہڑتال ریاست کیخلاف بغاوت ہے جس پر ان ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس کیخلاف ناصرف مقدمات درج ہونے چاہیں بلکہ ان کو ملازمتوں سے برطرف بھی کر دیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں یہ دوسری بار ہو رہا ہے کہ جب عوام کے خادموں نے ہڑتال کی ہے اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام مصطفی کھر کے دور حکومت میں صوبہ پنجاب کی پولیس نے ہڑتال کی کال دی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ اگر پولیس والے اپنے اپنے تھانوں میں نہ آئے میں تمام پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ہدایات جاری کرونگا کہ وہ تمام تھانوں کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور وزیراعلیٰ مصطفی کھر کے اس اعلان پر پولیس اہلکاروںنے اپنی ہڑتال ختم کرکے واپس ڈیوٹیوں پر آگئے تھے جبکہ 1946ء میں اس وقت جب آزادی کی تحریک اپنے زوروں پر تھی اس وقت بانی پاکستان قائداعظم محمد جناح نے سرکاری افسران کو قلم چھو ڑ ہڑتال کا حکم دیا تھا لیکن اس وقت کے بابوئوں نے قائداعظم کے کہنے پر اس وقت ہڑتال نہیں کی تھی انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس کیخلاف مقدمات درج کرائے جانے چاہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میں ایسا کون سا کمال ہے جو ان بابوئوں نے ہڑتال کی ہوئی ہے کہیں وزیراعلیٰ پنجاب چوروں کے سردار تو نہیں ہیں جو ان کے کہنے پر بیورو کریسی نے ہڑتال کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سعید مہدی ،احمد صادق ،سلمان فاروقی سمیت کئی بیورو کریٹس گرفتار ہوتے رہے ہیں اس وقت تو کسی بیورو کریٹس نے ہڑتال نہیں کی تھی انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں اور نیب نے ان کے کارخاص کو پکڑ لیا ہے اور جس کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی اس لئے انہوں نے بیورو کریٹس کو ہڑتال پر اکسایا ہے اعتزاز احسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ کون کون سے افسران وزیراعلیٰ کے ملازم ہیں اور آئندہ جو بھی حکومت پنجاب میں آئے گی وہ ان ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس کیخلاف مقدمات در ج کرائی جائیگی اور ان افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کریگی انہوں نے اب یہ بات بالکل ثابت ہوگئی ہے کہ ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس شہباز شریف کے وفادار ہیں اور انہوں نے شہباز شریف کے کہنے پر ہڑتال کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں