نومولود بچوں کی صحت کیساتھ کھلواڑکرنیوالوں کی چالاکیاں ختم،نیا قانون نافذ

انفینٹ فارمولاکی تشہیرپرپابندی،فری یا کمیشن کےعوض ہسپتالوں میں مارکیٹنگ، ڈبے پر دودھ لفظ لکھنے پربھی مکمل پابندی،واضح طورپر’’انفینٹ فارمولا ماں کے دودھ کا متبادل نہیں‘‘ لکھنا ہو گا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 فروری 2018 18:52

نومولود بچوں کی صحت کیساتھ کھلواڑکرنیوالوں کی چالاکیاں ختم،نیا قانون نافذ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 فروری 2018ء) : پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نومولود بچوں کی غذا میں غیر ضروری طور پر انفینٹ فارمولا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظرانفینٹ فارمولا مارکیٹنگ ریگولیشن 2017 لاگو کر دیا ہے اور لاء اینڈ پارلیمانی افئیر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے قانون کاباقاعدہ نوٹی فیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔نئے قانون کے مطابق کوئی بھی انفینٹ فارمولہ کمپنی ڈاکٹرز کو اپنی مصنوعات تجویز کرنے کانہیں کہہ سکے گی۔

سرکاری و نجی ہسپتالوں، میٹرنٹی کلینکس پر انفینٹ فارمولاز کی تشہیر پر مکمل پابندی عائدہوگی۔مارکیٹنگ ریگولیشن کا اطلاق نہ صرف 12 ماہ کے بچوں کے فارمولا بلکہ 24 ماہ کے بچوں پر بھی ہو گا۔ماؤں کو فری سیمپل دینے، کمیشن کے عوض ہسپتالوں میں مصنوعات دینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

کمپنیاں اپنے تشہیری مواد پر"دودھ" کا لفظ درج نہیں کر سکیں گی۔

صرف میڈیکل سٹور یا فارمیسی انفینٹ فارمولا والی مصنوعات ڈاکٹرز کی ہدایات پر فراہم کریں گے۔میڈیکل سٹورز انفینٹ فارمولاز رکھنے کی جگہ پر" یہ ماں کے دودھ کا متبادل نہیں ہے" کا نمایاں نوٹس آویزاں کرنے کا پابند ہوگا۔قانون میں مزید پابندی عائد کی گئی ہے کہ میڈیکل سٹورز تمام انفینٹ فارمولاز کو ایک ہی جگہ پر رکھنے کے پابند ہوں گے۔ کمپنیاں اپنی مصنوعات پر اجزاء کی تفصیل او ر حلال ہونے کا لیبل واضح لکھیں گی۔

لیبل کے 15 فی صد حصے پر "یہ ماں کے دودھ کا متبادل نہیں ہے" لکھنا ہو گا۔دو ماہ کے بعد کسی بھی گراسری یا جنرل سٹور پر انفینٹ فارمولا فروخت نہیں کیا جا سکے گا۔قانون کی درج بالا کسی شق کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کمپنی کو قصوروار تصور کیا جائے گا اور اس کی سزا بھی متعلقہ کمپنی کو دی جائے گی۔پراڈکٹس کی لیبلنگ بھی پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن 2017 کے تحت ہوگی۔

پنجاب فوڈاتھارٹی کی ٹیمیں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ایف آئی آردرج کرانے کی مجاز ہوں گی۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا ہے دھوکہ دہی سے دودھ کہلانے والا انفینٹ فارمولا ماں کے دودھ کا متبادل نہیں"۔انفینٹ فارمولا ریگولیشن لانے کا مقصدماں کے دودھ پلانے کے عمل کو فروغ دینا ہے۔ ماں کا دودھ بچوں کی بہترین نشوونما میں معاون ہونے کے ساتھ ماں کو بریسٹ کینسر سے محفوظ بنانے میں مدد دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں