ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ22 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزاز ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب

ٹرانسپرنسی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت کے نتیجہ خیز اقدامات کا ثبوت ہے ،کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی سے عالمی برادری میں پاکستان کاامیج بہتر ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 22 فروری 2018 22:18

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ22 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزاز ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں درجہ بندی میں بہتری نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلکہ 22 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزازہے۔

انہوںنے کہا کہ عالمی ادارہ کی جانب سے حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں کا اعتراف خوش آئندہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکومت نے شفافیت کو ہر سطح پر فروغ دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ عالمی ادارہ کی حالیہ رپورٹ کرپشن کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تائید ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قابل ستائش اقدامات سمیت شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثراقدامات کئے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ شفافیت کے فروغ، کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہترہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں