کینن فوم چیلنج کپ :مغلپورہ وائٹس نے فاران سپورٹس کوچار وکٹوں سے شکست دیدی

جمعرات 22 فروری 2018 19:36

کینن فوم چیلنج کپ :مغلپورہ وائٹس نے فاران سپورٹس کوچار وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء)گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام جاری پہلے کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں مغلپورہ وائٹس نے فاران سپورٹس کو چار وکٹوں سے شکست دیکر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ، ریلوے گراؤانڈ پر مغلپورہ وائٹس کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے فاران سپورٹس کی ٹیم 27ویں اوورکی دوسری گیند پر 137رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ، حسام 67 اور اعجاز علی 22رنز بناکر نمایاں رہے ، مغلپورہ وائٹس کلب کی طرف سے محمد اشتیاق اور ریاض الدین نے تین تین جبکہ حسن ناصر اور محمد نادر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں مغلپورہ وائٹس کی ٹیم نے 34اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 141رنزبناکر میچ میں کامیابی حاصل کر لی ، مغلپورہ وائٹس کی طرف سے 59کے پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد رونی گل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ناقابل شکست 58رنزبناکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ، دیگر نمایاں بلے بازوں میں ابوبکر بٹ 25رنزبناکر نمایاں رہے ، فاران سپورٹس کی طرف سے محمد عمر نے دو جبکہ فہیم ،اعجاز علی اور علی رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، میچ میں ذمہ دارانہ بلے بازی پر رونی گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ، اس میچ میں عابد حسین اور طارق سلمان نے امپائرنگ جبکہ شیربازخان نے اسکورر کے فرائض انجام دیئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں