پنجاب بھر میں خصوصی افراد کیلئے گریڈ 05سی15تک میں بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے

معذور افراد کی رہنمائی کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب میں بھی گریڈ 11کی 180 نشستیں مشتہر کی جا چکی ہیں ‘ترجمان محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب

بدھ 21 فروری 2018 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) پنجاب بھر میں خصوصی افراد کے لیے گریڈ 05سی15تک میں بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے۔مستقبل میں ملازمتوں کے حصول سے متعلق خصوصی افراد کی رہنمائی کے لیے خود محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب میں گریڈ 11کی 180 نشستیں مشتہر کی گئی ہیں جن پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔ بیشتر نشستوں پر نابینا افراد تعینات کیے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کی ذاتی کاوشوں اور حکومت پنجاب کے تعاون سے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی شعبوں میں بھی خصوصی افراد کو 3%کوٹہ کے تحت بھرتی کیا گیا ہے۔ سرکاری محکموں میں معذور افراد کے لیے کلُ 4294 نشستیں مشتہر کی گئیں جن میں سے 4066نشستوں پر تعیناتیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

پُرشدہ 4066نشستوں میں سے 860نشستوں پر متاثرہ بینائی والے افراد کو تعینات کیا گیا ہے۔

بصارت کے شدید مسائل کا شکار افر اد کو وظائف اور نقائص کی موزونیت کے مطابق روز گار کی فراہمی کے ذریعے خود کفیل بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ معذور افراد کے لیے اخوت فائونڈیشن اور پنجاب سمال انڈسٹریز کے تعاون سے انکم جنریشن سکیموں اور مائیکرو فنانسنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان محکمہ یلفیئر و بیت المال پنجاب نے نابینا افراد کی جانب سے جاری احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نابینا افراد سمیت تمام معذور افراد کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہا ہے۔ صوبائی پالیسی برائے بحالیِ معذوراں کے تحت خصوصی افراد کو سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں میں مفت تعلیم اور علاج معالجے کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ صلاحیت رکھنے والے افراد کو ٹیوٹا اور ووکیشنل سکلز پروگرام میں شمولیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ۔

نابینا افراد کے لیے خصوصی طور پر کی جانے والی کوششوں کے نتیجہ میں 1550سے زائد افراد بر سرِ روزگار آچکے ہیں۔رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ افراد کو خدمت کارڈ زکے اجراء کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے ۔پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے اب تک جاری کیے گئی88,000 خدمت کارڈز میں سے 13,000کارڈز نا بینا افراد کو جاری کیے گئے ہیں۔مستقبل قریب میں حکومت پنجاب کی جانب سے معذور افراد کی بحالی کے لیے کئی نئے پروگرام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

محروم افراد کے کسی طبقہ کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ ملازمتوں کی مستقلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ معذور افراد کی بھرتیاں ریکروٹمنٹ کے مروجہ قوانین کے مطابق کی جارہی ہیں اس ضمن میں کسی فرد کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں