نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتار کرلیا ،ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا

آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے 16فروری کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا،پیش نہ ہوئے

بدھ 21 فروری 2018 20:34

نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتار کرلیا ،ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) قومی احتساب بیورو (لاہور) نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گلبرگ میں واقعہ پنجاب پاور کمپنی کے دفتر سے گرفتار کر لیا گیا ، احد چیمہ کو آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات میں 16فروری کو طلبی کے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور خود سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ بھی پیش ہو چکے ہیں ۔

نیب لاہور کی جانب سے 16فروری کو احد چیمہ کو طلبی کیلئے نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم وہ اس پر پیش نہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نیب کے اعلیٰ افسران کی سربراہی میں 16رکنی ٹیم ایم ایم عالم روڈ گلبرگ پنجاب پاور کمپنی کے دفتر پہنچی جہاں سے انہیں گرفتار کر کے نیب لاہور کے دفتر منتقل کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ احد چیمہ کو آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کی تفصیلات بھی پیش نہیں کی تھیں ۔ نیب ترجمان نے احد چیمہ کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔نیب کی جانب سے ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے احد چیمہ کو کل ( جمعرات ) کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں