عالمی بینک نے پنجاب حکومت کا اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا نظام دنیا بھر میں نمبر ون اوررول ماڈل قرار دیا

’’ایک گندی مچھلی پورے تالاب کو گندا کر دیتی ہے‘‘ ، شہبازشریف کا خوشگوار موڈ ، مدلل انداز میں سوالات کے جواب دیئے مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی‘ شہبازشریف

بدھ 21 فروری 2018 18:53

عالمی بینک نے پنجاب حکومت کا اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا نظام دنیا بھر میں نمبر ون اوررول ماڈل قرار دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور نادرا کے مابین معاہدے کی تقریب کے دوران انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے انتہائی مدلل انداز میں جواب دیئے۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر پٹوار کلچر اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بہت حد تک پٹوار کلچر کے کرپٹ نظام کا خاتمہ کر دیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود نئے سسٹم میں بھی اس بوسیدہ نظام کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جیسے ہی مجھے علم ہوا، میں نے فوراً نوٹس لیا اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اس موقع پر انہوں نے یہ ضرب المثل کہی ’’ایک گندی مچھلی پورے تالاب کو گندا کر دیتی ہے‘‘ کیونکہ یہ لوگ نئے نظام کو نیندآور میٹھی گولیوں کے ذریعے برباد کرنا چاہتے تھے لیکن میں نے ایسا نہیں ہونے دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عالمی بینک نے پنجاب میں اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے ماڈل کو دنیا بھر میں نمبر ون اوررول ماڈل قرار دیا ہے، یہ پنجاب حکومت کے ساتھ پاکستان اور عوام کا اعزاز ہے ، جس کا کریڈٹ پنجاب حکومت کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں نیب سے کوئی ڈر یا خوف نہیں۔ میں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ قانون کے مطابق ریکارڈ نیب کے حوالے کیا جائے کیونکہ الحمداللہ ہم نے شفافیت کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آج میں آپ کو وہ راز بتانا چاہتا ہوں جو میں نے عرصہ دراز سے سینے میں رکھا ہوا تھا اور آج تک اسے عوام کے سامنے نہیں لایا۔

انہوں نے بتایا کہ مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی، تاہم میں نے مشرف کو بتایا کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا لیکن جمہوری نظام میں اس طرح نہیں ہوتا ۔ اگر آپ کو کوئی گلہ یا شکایت ہے تو میں آپ کی نوازشریف سے میٹنگ کروا دیتا ہوں۔ اگر کوئی ایشو ہے تو اس کے لئے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ اسلام آباد اور راولپنڈی والوں کے مابین مکمل ہم آہنگی ہونی چاہیئے۔ جس پر مشرف نے کہا آپ میری میٹنگ کرا دیں، میں سری لنکا جا رہا ہوں اور اس میٹنگ کے نوٹس بھی تیار کرلوں گا۔ میں نے انہیں بتایا کہ اگر میں اپنی لیڈرشپ کے ساتھ وفادار نہیں تو آپ کے ساتھ کیسے وفادار ہوسکتا ہوں، تاہم پھر مارشل لاء لگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں