نشتر ہسپتال میں ادویات کی قلت کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت کی سخت برہمی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

حکومت کا اولین مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے ،اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی‘خواجہ سلمان رفیق

بدھ 21 فروری 2018 18:44

نشتر ہسپتال میں ادویات کی قلت کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت کی سخت برہمی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت بارے سہولیات دینے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے، حکومت کا اولین مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، نشتر ہسپتال ملتان میں ادویات کی کمی بارے جان کرشدید افسوس ہوا ، اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور 15روز میں مجھے رپورٹ پیش کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نشتر ہسپتال و یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال میں ادویات کی قلت بارے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیع اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 15روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ جو کمپنیاں ادویات فراہم نہیں کررہی ہیں انہیں فوری بلیک لسٹ کیا جائے۔

کسی بھی غافل کمپنی یا افسر کے ساتھ ہرگز نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیپارٹمنٹل کمیٹیاں وقت پر کام نہیں کرتیں اور اجلاس نہیں بلائے جاتے تو ان تمام کمیٹیوں کو ختم کردینا ہی مناسب ہے۔سینیڈیکیٹ کے اجلاس میں نشتر یونیورسٹی کے معاملات کو بہترین انداز سے چلانے کے لئے رولز کمیٹی، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور سلیکشن بورڈجبکہ نشتر یونیورسٹی کے لئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے رولز کو اپنانے کی بھی منظوری دی گئی ۔

اجلاس میں سپیشل ہیلتھ سیکرٹری ڈاکٹر ساجد چوہان، وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر تنویر،ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، رجسٹرار نشتر ہسپتال سلمان وارث، ممبر صوبائی اسمبلی خولہ امجد، جلال الدین رومی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے صحت بارے منصوبوں کو خاص اہمیت دی جارہی ہے۔

یہاں کی عوام کے لئے صحت کے میگا پراجیکٹ متعارف کروائے جارہے ہیں جن کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف خود مانیٹر کررہے ہیں۔ انہوں نے نشتر ہسپتال ملتان میں کینسر سنٹر کی عمارت کی تعمیر کے لئے 102.4ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فوری ٹینڈرز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی ایکسٹنشن بلاک اور نئے تعمیر شدہ بلاک کا بھی دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر بنائے جانے والے سایہ دار شیڈز کی جلد تکمیل بارے ہدایات جاری کیں۔

قبل ازیں صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر قیادت ملتان سرکٹ ہائوس میں بہاولپور ڈویژن کے صحت کے منصوبوں بارے اجلاس منعقد ہوا۔ خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور ڈویژن میں جاری صحت کے منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ لی اور انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں