خواتین ڈاکٹرز کو بلیک میل کرنے کے کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی،فریقین کے وکلاء حتمی دلائل کیلئے طلب

بدھ 21 فروری 2018 18:43

لاہور۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک میں 200 سے زائد خواتین ڈاکٹرز کو فیس بک ہینگ کرکے بلیک میل کرنے اور ان سے بھتہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عبدالوہاب علوی کے خلاف کیس کی سماعت حتمی مرحلہ میں داخل ہو گئی، ِعدالت نے کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو حتمی دلائل پیش کرنے کیلئے طلب کر لیا، انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی، عدالت کے روبرو درخواست گزار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹ میں ملزم کی آڈیو آواز میچ کر چکی ہے اور ایف آئی اے نے تمام ریکارڈ کی فرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے،عدالت میں ایف آئی اے کے افسر نے آڈیو آواز کی تصدیق کر دی، ایف آئی اے کے فرانزک آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سے ملنے وا لی آڈیو گفتگو 95% ملزم کی آواز سے میچ کرتی ہے اور ملزم کے لیپ ٹاپ سے 200 سے زائد آڈیو کالز برآمد کیں،ملزم کے قبضے سے حاصل ہونے والے میموری کارڈ زاور لیپ ٹاپ سے بر آمد آڈیو کا فرانزک کیا گیا،ملزم کے قبضے سے 66 سے زائد قابل اعتراض ویڈیوز بھی برآمد کی گئیں، 2000 سے زائد قابل اعتراض تصاویر برآمد کی گئیں جبکہ 266 آڈیو کالز، 25 موبائل ریچارج کوڈ وغیرہ اس کے لیپ ٹاپ میں بھی ہیں، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جعلی میجر بن کر بھی کارروائیاں کرتا رہا اور ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، خاتون اور بچوں کے اغواء کے مقدمات بھی درج ہیں،عدالت میں ابتک 22 گواہان اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں