جنرل ہسپتال میں بیسک اینڈ ایڈوانس اینڈوسکوپی ورکشاپ کا انعقاد ’ ملکی و غیر ملکی طبی ماہرین کی شرکت

گیسٹرو انٹرالوجی کے پروسیجرز میںاینڈوسکوپی کا استعمال ماہرین امراض جگر و معدہ کے لیے نا گزیر ہے ، پرنسپل پی جی ایم آئی

بدھ 21 فروری 2018 18:32

لاہور۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) بین الاقوامی گیسٹرو انٹرالوجی کانفرنس کے پیٹرن ان چیف پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ میڈیکل ورلڈ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور اپنے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کا دور شروع ہو چکا ہے لہذا اب وہی ڈاکٹرز،سرجنز اور سپیشلسٹ صاحبان پیشہ ورانہ طور پر کامیاب ہوں گے جو مقابلے کی موجودہ فضا میں اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، انہوں نے کہا کہ 5 سال بعد لاہور میں اس عالمی کانفرنس کا انعقاد معدہ و جگر کے امراض اور ان بیماریوں کے علاج معالجے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اس عالمی کانفرنس سے دنیا بھر میں پاکستان کے پرامن ملک ہونے کا پیغام بھی عام ہو گا، انہوں نے شرکاء کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ ون میں بیسک اینڈ ایڈوانس اینڈوسکوپی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے ممتاز طبی ماہرین نے شرکت کی، پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ماہرین امراض معدہ و جگر کے پروسیجرز کیلئے اینڈوسکوپی کا استعمال ناگزیر ہے، پری ورکشاپ سے ترکی سے سیرحد بور ، برطانیہ سے ڈاکٹر وقار، قاسم عزیز اور ندیم تہامی، امریکہ سے ڈاکٹر خالد حسن ، سعودی عرب سے فضل خواجہ اور چین سے ڈاکٹر فیننگ نے خطاب کرتے ہوئے اپنے تجربات پر روشنی ڈالی، طبی ماہرین نے جگر کے کینسر کے شعاعوں کے ذریعے علاج خوراک اور پاخانے کی نالی میں خرابی اور بائیاپسی کے طریقہ کار پر اظہار خیال کیا ، ورکشاپ کے دوران شرکاء نے ملکی و غیر ملکی طبی ماہرین سے متعدد سوالات پوچھے جن کے جواب میں ماہرین نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے نوجوان اور زیر تربیت ڈاکٹروں کے علاوہ فزیشنز کو بھی جدید تحقیق کی طرف راغب ہونا چاہیے، ڈاکٹر اسرار الحق طور نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایاکہ عالمی گیسٹروسمٹ سے قبل پری ورکشاپس کا انعقاد اور غیر ملکی مندوبین کی شرکت خوش آئند امر ہے جس میں 40 افغانی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر غیاث الحسن ، ڈاکٹر بلال ناصر، ڈاکٹرشیرازانجم اور ڈاکٹر سلمان شکیل سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ، ورکشاپ جمعرات تک جاری رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں