ملازمتوں کے حصول کیلئے نابینا افراد کا سیون کلب چوک میں مسلسل تیسرے روز بھی دھرنا ، نعرے بازی

وزیر اعلیٰ کے علاوہ کسی سے بھی مذاکرات کرنے سے انکار ،ٹریفک معطل ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں ،شہری پریشان

بدھ 21 فروری 2018 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) ملازمتوں کے حصول کیلئے نابینا افراد نے سیون کلب چوک میں مسلسل تیسرے روز بھی دھرنا دیا اور وزیر اعلیٰ کے علاوہ کسی سے بھی مذاکرات کرنے سے انکار کرتے ہوئے ٹریفک معطل رکھی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق نابینا فراد نے اپنے مطالبات کے حق میں تیسرے روز بھی کلب چوک میں دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک معطل رکھی ۔

اس موقع پر نابینا مظاہرین پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے چار سال قبل نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک وفا نہیں ہوا۔ ہمارے کیا مسائل ہیں یہ صرف وہی جانتے ہیں جو آنکھوں کی روشنی سے محروم ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں اور ڈیلی ویجز پر بھرتی ملازموں کومستقل کیا جائے اور ملازمتوں کے خصوصی کوٹے پر بھی عملدرآمد کیا جائے۔

مذاکرات کیلئے جانے والے سرکاری افسروں کو نابینا افراد انکار کرتے رہے اور شرط رکھی کہ صرف وزیر اعلی پنجاب سے ہی مذاکرات کرینگے اور ہمارے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ۔مظاہرے کے باعث کلب چوک ، ایچی سن کالج اور گورنر ہائوس کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں