میلے، ٹھیلے اور کھیل ہماری روایات ہیں، صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ

روایتی کھیلوں کو فروغ دے کر ہی ہم اپنی پہچان برقرار رکھ سکتے ہیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب کا "بینڈ،باجا اور پاکستان ---"کی تقریب سے خطاب

منگل 20 فروری 2018 22:25

میلے، ٹھیلے اور کھیل ہماری روایات ہیں، صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ
لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ ہماری روایات بہت شاندار ہیں، میلے، ٹھیلے اور کھیل اس کا حصہ ہیں، زندہ قومیں اپنی تہذیب و تمدن کی حفاظت اور ان کا بھرپور اہتمام کرتی ہیں، اپنی روایات کو فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، مارچنگ بینڈز بھی ہماری روایات کا حصہ ہیں، حکومت اس کو فروغ دینے کیلئے سرپرستی کریگی اور سپرنگ فیسٹیول 2018ء میںاس کے مقابلے کرائے جائیں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ روایتی کھیلوں کو فروغ دے کر ہی ہم اپنی پہچان برقرار رکھ سکتے ہیں، مارچنگ بینڈز کے فروغ کیلئے ہر طرح کا تعاون کریں گے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل اور سیکرٹری سپورٹس سپورٹس پنجاب منگل کے روز الحمراء آرٹ کمپلیکس میں "بینڈ،باجا اور پاکستان ---"کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم اینڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن احمر ملک، چیئرمین مارچنگ امن بینڈ ڈاکٹر سعد سکندر اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی روایات سے روشناس کرانے کیلئے ضروری ہے کہ ان کو فروغ دیا جائے، پنجاب کے میلے ،ٹھیلوں اور کھیلوں میں ہماری روایات اور ثقافت کی شاندار عکاسی ہوتی ہے، روایتی کھیل پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہیں، مارچنگ بینڈز کی تاریخ بہت شاندار ہے، ماضی میں اس شعبہ کو نظر انداز کیا گیا لیکن اب ایسا نہیںہو گا،اس فن کو فروغ دینے کے لئے حکومت نے اس کی سرپرستی کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب و یوتھ افیئرز محمدعامر جان نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت صدیوں پرانی ہے، مارچنگ بینڈز میں ثقافت کا رنگ بھی نظر آتا ہے، مارچنگ بینڈز کے فروغ کیلیے نہ صرف مالی معاونت بلکہ ادارتی سرپرستی بھی کی جائے گی، تقریب میں سکولوں کے بچوں اور پنجاب کے ملٹری، پولیس اور پرائیویٹ بینڈز نے اپنی پرفارمنس پیش کی۔ آخر میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے پرفارمنس دینے والے سات بینڈز کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 10,10ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں