کمیٹی فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس کے ایشیاء ریجن کے ڈائریکٹر سٹیون بٹلر کا دورہ پریس کلب

منگل 20 فروری 2018 22:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء)صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم عالمی تنظیم کمیٹی فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس کے ایشیاء ریجن کے ڈائریکٹر سٹیون بٹلرنے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا ، سینئر صحافیوں سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر صدر اعظم چوہدری،نائب صدر شکیل سعید، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، ممبر گورننگ باڈی شاہد چوہدری، پی یو جے کے نائب صدر عامر سہیل، سینئر صحافی معظم خلیل،میاں ندیم، احتشام الحق، آصف بٹ، ارشد چوہدری، امانویل سرفراز، حبیب چوہان، فاروق جوہری، ایوب اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر اعظم چوہدری نے مسٹر سٹیو ن بٹلر کو بتایا کہ پاکستان میں صحافت مشکل دور سے گزر رہی ہے ، صحافیوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں جبکہ حکومت اور میڈیا مالکان کی جانب سے صحافیوں کی سیکورٹی پر کوئی کام نہیں کیا جا رہا، انہوں نے سٹیون بٹلر کو پاکستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل اور لاہور پریس کلب کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی ۔

(جاری ہے)

سٹیون بٹلر نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا ورکرز کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو درپیش معاشی مسائل ایک جیسے ہیں ، پاکستان میں صحافیوں کو درپیش حالات عراق اور شام جیسے نہیں ہیں یہاں بہتر اور پرامن ماحول ہے لیکن یہاں تربیت کی کمی ہے، ہم نے لاہور کراچی اور اسلام آباد کے دورے کئے ہیں یہاں صحافیوں کو سیکورٹی اور معاشی مسائل درپیش ہیں، ہماری کوشش ہے کہ حکومت پاکستان سے ملکر ان مسائل کو حل کیا جائے، امریکہ میں بھی میڈیا کو بدنام کیا جاتا ہے،صحافت کے حوالے سے اس وقت دنیا میں گھمبیر صورتحال ہے جو باعث تشویش ہے۔

تقریب کے اختتام پر صدر اعظم چوہدری نے سٹیون بٹلر کی کلب آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں