کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کی اصلاحات قابل ستائش ہیں،ملک طاہر جاوید

منگل 20 فروری 2018 18:49

لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے پنجاب حکومت کی طرف سے کاروبارکرنے کے حوالے سے آسانیا ںپیدا کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم قدم اٹھانے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تعمیراتی اجازت ناموں، پراپرٹی رجسٹریشن اور بزنس رجسٹریشن کے حوالے سے متعارف کرائی گئی اصلاحات نہ صرف صنعتکاروں کو بہت بڑا ریلیف دیں گی بلکہ کاروبار کرنے کے حوالے سے ملک کی عالمی رینکنگ بھی بہتر ہوگی اور صنعتوں کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قوانین میں بہتری، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے این او سی حاصل کرنے کی شرط کا خاتمہ ،کمرشل ویئر ہائوسز کے لیے صرف اکیس دن میں پرمٹ کا اجراء اور بزنس رجسٹریشن کی سہولیات کاروباری شعبے کے لیے بہت بڑی پیش رفت ثابت ہونگی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا اور معاشی حوالے سے بہت اہم صوبہ ہے کیونکہ ایکسپورٹ سے وابستہ سب سے زیادہ سیکٹرز یہاں ہی واقع ہیں لہذا پنجاب حکومت کی اصلاحات ملکی معیشت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہونگی۔

لاہور چیمبر کے صدر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ پنجاب حکومت کی تقلید کرتے ہوئے ایسی ہی اصلاحات متعارف کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پہلے ہی کاروباری آسانیوں کے حوالے سے بہت سا کام کررہا ہے اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں حکومت کے لیے تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں