وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

منگل 20 فروری 2018 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہمادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

زبان صرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شناخت او ر بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے ۔مادری زبانوں کے ہر لفظ اور جملے میں قومی روایات، تہذیب وتمدن، ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

زبان ایک ایسا سماجی ورثہ ہے جو زمانے کے ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے۔

زبان کو مادری اور ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلاشبہ زبان کسی بھی انسان کی ذات اور شناخت کا اہم ترین جزو ہے اسی لئے اسے بنیادی انسانی حقوق میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زبانیںدنیا بھر میں پائی جانے والی لسانی اور ثقافتی روایات کے بارے میں بہتر آگہی بھی پیدا کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں