ملکی سالمیت کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،گورنر پنجاب

پیر 19 فروری 2018 23:11

ملکی سالمیت کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،گورنر پنجاب
لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہنے کہا ہے کہ اگرہمارے علمائے کرام معاشرے سے فرقہ واریت کے خاتمے کا علم اپنے ہاتھوں میں تھام لیں تو دشمن خواہ کتنی ہی سازشیں کر لے وہ نہ تو ہم میں تفرقہ ڈال سکتا ہے اور نہ ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچا سکتا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں علماء کاکردار قابل تحسین ہے اور اب فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے انہیں حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی - ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے بیس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہو ںنے ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں ان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی - گورنر پنجاب نے کہاکہ اسلام کے نام پر بننے والی اس مملکت خداداد میں اسلام کی سربلندی اور ملکی سالمیت کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا- انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی پر مبنی علماء کی تقریریں و تحریریں دلوں پر اثر کرتی ہیں اور یہ بھی آپ لوگوں کا فرض ہے کہ آپ فرقہ واریت کے خلاف یک زبان ہو کر مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی مملکت ہے جو نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی اور یہی نظریہ ہمارے دین اور ایمان کا حصہ ہے اور اس کا صحیح تشخص اجاگرکرنا وقت کی اہم ضرورت ہے - گورنر نے کہا کہ ہم اس نبی ﷺ کے پیروکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ محبت ، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے ، اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں- انہو ںنے کہا کہ پاکستان صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ اقلیتوں کے لیے بھی ایک محفوظ سرزمین ہے اور غیر مسلموں کو دی جانے والی مذہبی آزادی حقیقی معنوں میں اسلامی معاشرے کی عکاسی کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں