محمد شہبازشریف سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی قیادت میںکابینہ اراکین اور مشیران کے وفد کی ملاقات

محمد شہباز شریف کا گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے 25 بسوں کی فراہمی اور گلگت بلتستان کے قتل ہونیوالے طالبعلم کے ورثاء کیلئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میںتعاون پر محمد شہبازشریف ،پنجاب حکومت اورعوام کے بے حد شکرگزار ہیں،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان وزیراعلیٰ کی لینڈ ریکارڈ کمپیوٹر ائزیشن منصوبے میں معاونت کیلئے فوری طورپرٹیم گلگت بلتستان بھجوانے کی ہدایت

پیر 19 فروری 2018 23:09

محمد شہبازشریف سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی قیادت میںکابینہ اراکین اور مشیران کے وفد کی ملاقات
لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی قیادت میںکابینہ اراکین اورمشیران کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے 25 بسوں کی فراہمی اور گلگت بلتستان کے پنجاب میں قتل ہونیوالے طالبعلم دلاور عباس کے ورثاء کیلئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری تقاضے پورے کرنے کے بعد یہ بسیں گلگت بلتستان کی حکومت کو فراہم کردی جائیں گی۔

اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میںتعاون پر وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف ،پنجاب حکومت اورعوام کے بے حد شکرگزار ہیںاورہم ہرشعبے میں پنجاب حکومت کی تکنیکی معاونت اورگلگت بلتستان کی ترقی میں تعاون پر شکریہ ادا کرنے کیلئے حاضر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آپ نے پنجاب کوترقی کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنا دیا ہے اور آپ کی شاندار کارکردگی کے بدولت ہی پاکستان مسلم لیگ(ن) کو گلگت بلتستان میں کامیابی ملی ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے وسائل فراہم کر کے بے مثال ایثارکا مظاہرہ کیا ہے ۔پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئی1 ارب روپے فراہم کر کے ہم پر بڑا احسان کیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے ہم 300بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی بنا رہے ہیں ۔تعلیم اورصحت کے شعبہ میں پنجاب حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام میں پنجاب حکومت بھر پور معاونت کررہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ محمد شہبازشریف ہمارے آئیڈیل ہیں اورہم ان کے ترقیاتی ویژن سے بھر پوراستفادہ کررہے ہیں ۔آپ کے تعاون سے ہمارے صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایم آرآئی سینٹر کا قیام عمل میں آیا ہے اور اس سینٹر کے قیام سے ہمارے صوبے کے عوام کو جو سہولت ملی ہے اس پر وہ آپ کیلئے دعا گو ہیں۔

ہم نے گلگت بلتستان میں پنجاب حکومت کی تکنیکی معاونت سے سیف سٹی پراجیکٹ کامنصوبہ بھی مکمل کیا ہے ۔ گلگت بلتستان کے بچے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے انجینئرنگ کے شعبے میں گلگت بلتستان کا کوٹہ دوگنا کر کے ہمیں جو محبتیں دی ہیں اسے بھلا نہیں سکتے۔ گلگت بلتستان کے قتل ہونیوالے طالبعلم کے واقعہ پر آپ نے فوری طورپر سخت ایکشن لیا۔

انہوںنے کہا کہ ہم نے محمد شہبازشریف کے ترقیاتی ویژن سے سیکھا ہے اورہمیں آپ کا شاگرد ہونے پر فخر ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گلگت بلتستان میںگزشتہ اڑھائی سال میں بے مثال ترقیاتی کام کیا ہے اوران گزشتہ اڑھائی سال میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ملک کی 70سالہ تاریخ میں اسکی اورکوئی مثال نہیں۔ حکومت کی کاوشوں کے بدولت گلگت بلتستان میں امن قائم ہوا ہے اور گزشتہ اڑھائی سال میں قتل کا ایک واقعہ بھی پیش نہیں ہوا ۔

علاقے میںقیام امن سے سیاحوں کی تعداد میں بے پنا ہ اضافہ ہوا ہے ۔ہمیںانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ،ٹرانسپورٹ،لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اوردیگر شعبوں میں پنجاب حکومت کی تکنیکی معاونت درکار ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کے اربن یونٹ نے ہمیںصوبے کو صاف ستھرا بنانے میں بھر پور معاونت فراہم کی ہے ۔ محمد شہبازشریف ویثرنری لیڈرہیں انکی رہنمائی اورتجربات سے استفادہ کر کے ہم اپنے خطے کو خوب سے خوب تر بنانا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ میٹروبس سروس شروع کی ہے ہمیںبھی اس سلسلے میں آپ کی تکنیکی معاونت درکار ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے نلترمیں پنجاب ہاؤ س کے قیام کیلئے زمین کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں اورہم انکی ہر طرح سے مدد کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

پاکستان کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی تبھی پاکستان خوشحال ہوگا،کسی ایک علاقے کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں کھلاسکتی۔انہوںنے کہا کہ ہم سب کو ملکر اجتماعی کاوشوں سے وطن عزیز کو عظیم سے عظیم ترملک بنانا ہے ۔پنجاب حکومت نے گلگت بلتستان کے بہن بھائیوں کی حقیر خدمت کی ہے وہ ہمارا فرض ہے ۔پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں ترقی کیلئے ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان کے لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن عوام کی بڑی خدمت ہوگی اوراس سلسلے میں ہم ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کرینگے۔انہوںنے کہا کہ نوجوان قیادت حافظ حفیظ الرحمان کی سربراہی میں گلگت بلتستان کی حکومت درست سمت آ گے بڑھ رہی ہے اور صوبے کی تعمیرو ترقی کیلئے آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔انہوںنے کہا کہ امانت ،دیانت اورمحنت کو شعار بنا کر آگے بڑھیں تو اللہ تعالیٰ مدد کرتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے شاندار کام کرنے پر گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ، انکی کابینہ اور پوری ٹیم کو مبارکباددی اور کہا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے ہم سے جو بن پڑا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹر ائزیشن منصوبے میں معاونت کیلئے ٹیم فوری طورپر گلگت بلتستان بھجوانے اوردونوں صوبوں کے حکام پر مشتمل کوآرڈینشن کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اورکابینہ کے اراکین نے گلگت بلتستان کی تعمیرو ترقی میں تعاون پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے بھرپور اظہار تشکر کیا ۔ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے کہا کہ آپ نے ہمارے صوبے کی ترقی کیلئے جو تعاون کیا ہے اس کا شکریہ ادا کرنے کیلئے ہمارے پاس الفاظ ہی نہیں ۔وفد گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سربراہ محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی مرہون منت ہے۔

گلگت بلتستان کے وفد میں ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان،وزیرخزانہ حاجی ایم اکبر تابان،وزیرتعلیم ابراہیم ثنائی،وزیرخوراک محمدشفیق،وزیرترقی برائے خواتین ثوبیہ مقدم،وزیرورکس ڈاکٹر محمد اقبال،وزیر لوکل گورنمنٹ فرمان علی اورمشیران شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ،خواجہ عمران نذیر،مشیر ڈاکٹر عمر سیف ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں