وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 19 فروری 2018 23:09

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کے منانے کا مقصد معاشرے میں انصاف کی اہمیت اور اس کی افادیت کے بارے شعور اجاگر کرنا ہے۔ آج کے دن سماجی نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا جاتا ہے اور معاشرے میں بہتری لانے کیلئے انصاف کے قوانین اور قواعد پر عمل کرنے پر زور دیا جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام انصاف اور امن کی اعلیٰ اقدار کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ مساوات اور انصاف کی فراہمی دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کا حصہ ہے۔ جن معاشروں میں انصاف کا حصول یقینی نہیں ہوتا ان معاشروں میں بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تہذیب یافتہ انسان ابتدا سے ہی سے انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کا خواہش مند رہا ہے اور جن معاشروں میں انصاف ناپید ہوجاتا ہے وہ معاشرے بھی بالآخر دنیا سے مٹ جاتے ہیں۔

انسانی حقوق کے تحفظ کے ذریعے ہی انصاف پر مبنی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے اور انصاف پرمبنی معاشرہ ملک کی سماجی ، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک ناگزیر ستون ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہتر معاشرے کی تشکیل اورانصاف کے تقاضوں پر عمل درآمد حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔معاشرے میں ہر فرد کو انصاف کی یقینی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے موثر پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وطن عزیز کو دنیا میں ایک باوقار اور ترقی یافتہ قوم بنانے کیلئے بلا تفریق انصاف کی فراہمی ضروری امر ہے۔ اقتصادی ترقی اور خوشحالی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے کوششیں تیز کئے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا بول بالا اور آئین کی بالا دستی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور اور نصب العین ہے۔انہوں نے کہا کہسماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اس عزم کی تجدید کرنا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کیلئے انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں