پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری اور 4 بہترین کمپنیوں میں مفاہمت

پیر 19 فروری 2018 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کی بھرپور طریقے سے فروغ اور اس ترویج کے ضمن میں اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کی باہمی مطابقت پذیری کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے بہترین شہرت کی حامل آرگنائزیشنز کے ساتھ مفاہمت کی 4 یادداشتوں پردستخط کئے ہیں۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کار ی و تجارت کے دفاتر میں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد زِنگ ڈی جی کام (ZING Digicom) پرائیوٹ لمیٹڈ، چیم انرجی (CHEM Energy) کارپوریشن، لبرٹی ملز(Liberty Mills) اور اینگرو کارپوریشن (ENGRO Corporation) کے ساتھ الگ الگ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جن کی رو سے یہ آرگنائزیشنز پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافے اور یہاں سرمایہ کاروں کو حاصل مراعات و طریقہ کار کے فروغ کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے شانہ بشانہ کام کرینگی۔

(جاری ہے)

زِنگ ڈی جی کام (ZING Digicom) پرائیوٹ لمیٹڈجدید فنانشل ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنی ہے جو ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی تشکیل کیلئے کام کر رہی ہے جو کم سرمایہ رکھنے والوں کیلئے انتہائی بنیادی سطح پر بہترین مالیاتی خدمات مہیا کرتی ہے۔ زنگ ڈی جی کام کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سربراہ جہانزیب برانہ اور زنگ ڈی جی کام پرائیوٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غضنفر علی خان نے دستخط کئے۔

مفاہمت کی دوسری یادداشت پر چیم انرجی کارپوریشن (CHEM Energy Corporation) کے سی ای او شجاع زیدی اور اور پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سربراہ جہانزیب برانہ نے دستخط کئے۔ چیم انرجی کارپوریشن پٹرولیم کی ریفائننگ، شمسی توانائی ( جس میں شمسی توانائی سے چلنے والے فارمز، پمپ سسٹم، شمسی صنعتیں، ہوم سسٹم، شمسی بیٹریاں وغیرہ شامل ہیں) ایل این جی، پن چکی، بائیو توانائی (جس میں بائیو ڈیزل اور بائیو ماس وغیرہ شامل ہیں) کیمیکلز، ویسٹ ٹریٹمنٹ اور مختلف سامان تیار کرنے کے میدانوں میں اپنا لوہا منوا چکی ہے۔

مفاہمت کی یادداشت کی رو سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت چیم انرجی کارپوریشن کو زمین کے حصول اور ان کی شمسی توانائی استعمال کرنے والی مصنوعات کی تیاری کیلئے ایسے حصہ دار کی تلاش میں مدد کرے گی جو شراکتی منصوبے شروع کرنے میں چیم انرجی کے شانہ بشانہ کام کر سکے۔ لبرٹی ملز بنیادی طور پر ایک ٹیکسٹائل تیار کرنے اور برآمد کرنے کا ادارہ ہے جو ساتھ میں بجلی کی پیداوار اور ایلومینیم کے کین بنانے کا کام بھی کرتا ہے جبکہ اینگرو کارپوریشن زرعی ادویات، کھادیں بنانے کے علاوہ توانائی کی پیداوار اور ، خوراک اور کان کنی جیسے کاموں اپنا الگ مقام رکھتی ہے۔

یہ دونوں کمپنیاں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ساتھ مل کر صوبہ پنجاب میں پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کرینگی اور یہاں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب بھی کریں گی۔ اس حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر لبرٹی ملز کے نمائندے تنویر احمد اور اینگرو کارپوریشن کے چیف سٹریٹجی آفیسر نادر سالار قریشی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پنجاب بور ڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے بات چیت کرتے ہوئے تمام کمپنیوں کے نمائندگان کو حکومت پنجاب کی طرف سے ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تاکہ صوبہ میں کاروباری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو اور یہاں سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں