ترقی کے منتظر واپڈا ایکسیئنز کا رزلٹ جاری نہ کرنے پر نیا امتحانی شیڈول معطل

ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر امتحانات واپڈا 26فروری کوریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

پیر 19 فروری 2018 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے اگلے عہدے پر ترقی کا امتحان دینے کے منتظر واپڈا ایکسیئنز کا رزلٹ جاری نہ کرنے پر نیا امتحانی شیڈول معطل کرتے ہوئے ڈائریکٹر امتحانات واپڈا کو 26فروری کوریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد مبین نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ واپڈا کے ایکسیئنز نے سپرنٹنڈنٹ انجینئرنگ کاامتحان دیا مگرواپڈا نے رزلٹ جاری کئے بغیر نیا امتحانی شیڈول جاری کر دیا، ترقی کے منتظر امیدواروں کے رزلٹس کو کسی قانونی جواز کے بغیر روکنا غیر قانونی اقدام ہے۔

رزلٹ جاری نہ ہونے سے امیدواروں کو اگلے عہدوں کے اہل تصور نہیں کیا جا رہا جو کہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، آئین کے تحت کسی کو اس کی ترقی اور بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، آئین ہر شہری کو میرٹ اور یکساں بنیادوں پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر فاضل عدالت نے حکم ثانی جاری کیا گیا نیا امتحانی شیڈول بھی معطل کر دیا اور اگلے عہدے پرترقی کا امتحان دینے والے واپڈا ایکسیئنز کا رزلٹ جاری نہ کرنے اور نیا امتحانی شیڈول جاری کرنے پر ڈائریکٹر امتحانات واپڈا کو 26فروری کوریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں