اپوزیشن جماعتوں کے بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈ جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے تحریری جواب طلب

پیر 19 فروری 2018 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن جماعتوں کے بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈ جاری نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس جواد حسن نے بلدیاتی نمائندے اشرف خان سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میونسپل کمیٹی حکومتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈ جاری کر رہی ہے لیکن اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ اپوزیشن کے بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز جاری نہ کرنا غیرقانونی بھی ہے بلکہ آئین کے تحت امتیازی سلوک بھی ہے جس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو اپوزیشن کے بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈ جاری کرنے کا حکم دے۔جس پر فاضل عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں