تفتیشی افسران کے ضمیر ،اختیار کے برعکس ریفرنسز تیار کرائے جارہے ہیں

،ریکارڈ موجود ہے عوام کے سامنے لائینگے ‘ رانا ثنا اللہ نواز شریف کا موقف عوام میں سرایت کر گیا ہے ،اسی کامیابی کی وجہ سے عمران خان عدلیہ کے فیصلے کو کمزور قرار دے رہے ہیں پی ٹی آئی سربراہ کی شادی پہلے ہو گئی تھی لیکن معاملے کو چھپایا گیا ، مفتی سعید کو عمران خان نے اسی کام کیلئے رکھا ہوا ہے‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 19 فروری 2018 18:40

تفتیشی افسران کے ضمیر ،اختیار کے برعکس ریفرنسز تیار کرائے جارہے ہیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نیب کے تفتیشی افسران کے ضمیر اور اختیار کے برعکس دبائو ڈال کر ریفرنسز تیار کرائے جارہے ہیں ، ہمارے پاس اس حوالے سے تمام ریکارڈ موجود ہے اورمسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم میں ان باتوں کو عوام تک پہنچائے گی ،نواز شریف کا موقف عوام میں سرایت کر گیا ہے اور اسی کامیابی کی وجہ سے عمران خان عدلیہ کے فیصلے کو کمزور قرار دے رہے ہیں ،نواز شریف کے بیانیے سے ٹکرائو کی صورتحال نہیں ہوگی ،پی ٹی آئی سربراہ کی شادی پہلے ہو گئی تھی لیکن معاملے کو چھپایا گیا ، مفتی سعید کو عمران خان نے اسی کام کے لئے رکھا ہوا ہے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ شادی ایک مقدس بندھن ہے اور اس کے بغیر انسان مکمل نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو شادی کی مبارکباد دیتا ہوں ۔ہر کام کرنے کیلئے ایک وقت ہوتا ہے، کسی کو نانا‘ نانی ، دادا ‘ دادی بننے کے بعد یہ عمل زیب نہیں دیتا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم بزرگوں اور پیروں کی عزت کرتے ہیں کیونکہ انہی اولیا ء کرام کی وجہ سے اس خطے میں اسلام پھیلا ہے لیکن جہاںتک دعائوں کا تعلق ہے تو یہ سوائے اللہ تعالیٰ کے کسی کے سامنے نہیں کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو 21کروڑ عوام نے تشکیل دیا ہے اور اس سے تمام ادارے جنم لیتے ہیں ۔ آئین کا ایک فریم ورک ہے ،اگر ادارے حدود سے تجاوز کریں گے تو اس سے ملک نہیں چل سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ سب سے بڑی جے آئی ٹی 21کروڑ عوام کی ہے اور اگر اس جے آئی ٹی کے ہیرے فیصلہ کریں گے تو یہ ان ہیروں کے اوپر ہوگا جو 28جولائی کے فیصلے کا سبب بنے ۔ آج نیب کے ریفرنسز کا کیا مذاق بن رہا ہے ،جو گواہ لایا گیا اس کے پاس نواز شریف ، مریم نواز یا کیپٹن (ر) محمد صفدر کے لئے ایک لفظ نہیں ۔

یہ جو ضمنی ریفرنسز آرہے ہیںہمارے پاس اس کا ریکارڈ موجود ہے ہم ان باتوں کو اپنی انتخابی مہم میں عوام کے سامنے لائیں گے ۔تفتیشی افسران کے ضمیر اور اختیار کے برعکس ریفرنسزتیارکرائے جارہے ہیں ،اگر یہ معاملہ اس جے آئی ٹی تک پہنچا جو ملک کے 21کروڑ عوام کی جے آئی ٹی ہے تو وہ فیصلہ ووٹ کی طاقت سے کریں گے اور پھر ہر کسی کو اس فیصلے کو ماننا پڑے گا ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف اس پوزیشن میں ہیں کہ(ن) لیگ میں موجود ہر فرد کوان کی قیادت ، صدارت اور ان کی رہبری پر مکمل اتفاق ہے اور جوہتھکنڈے اپنائے جارہے ہیں اس سے شدت کم نہیں ہوتی بلکہ اس میں اضافہ ہوتا ہے ، نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے لئے عدلیہ کا کندھا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو بیانیہ اپنایاہے پارٹی میں اسے مکمل تائید حاصل ہے ، یہ بیانیہ عوام میں سرایت کر چکا ہے اور اسی کی کامیابی کی وجہ سے عمران خان کہہ رہے ہیں کہ عدلیہ نے کمزور فیصلہ دیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں