دھرنے، احتجاجی مظاہرے کاروباروں کو ہڑپ کررہے ہیں، آہنی ہاتھوں سے روکا جائے‘ لاہور چیمبر

بے دھڑک احتجاجی مظاہروں ،جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ نہیں ہے جلائو گھیرائو کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘عہدیدار

پیر 19 فروری 2018 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے دھرنوں اور احتجاجوں کے ذریعے مال روڈ سمیت شہر بھر میںتجارتی و معاشی سرگرمیوں اور آمد و رفت کو مفلوج بنانے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یہ سلسلہ رکوائے کیونکہ اس کی وجہ سے صنعتکار، تاجر اور عوام سب بہت بٴْری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

ایک بیان میںلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے مال روڈ اور شہر کے مختلف مقامات پر دھرنوں اور مظاہروں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ان کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں برباد ہورہی ہیں اور دوسری طرف معمولات زندگی بھی بہت بٴْری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئے روز مختلف ٹولے مال روڈ اور شہر کے دیگر حصوں میں بیٹھ کر احتجاجوں اور مظاہروں پر عائد پابندی کو اپنے قدموں تلے روند دیتے ہیں جو اب قابل برداشت نہیں رہا، پنجاب حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ذریعے اس پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بھی مال روڈ سمیت شہر کے مختلف حصوں میں احتجاج کا شوق کرنے والوں نے تمام معمولات زندگی درہم برہم کرکے رکھ دئیے، تجارتی اشیاء کی آمد و رفت معطل رہی جبکہ طلبا اور مریض راستوں میں پھنسے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ ایک اہم تجارتی مرکز ہے اور اس کے گرد و نواح میں مزید بہت سی اہم مارکیٹیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے لیکن آئے روز اس قانون کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے جبکہ مظاہرین کی آڑ میں سماج دشمن عناصر بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ اداروں کی خاموشی کی وجہ سے سڑکیں بلاک کرنے کا عمل شہر کے دیگر حصوں تک بھی جا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے دھڑک احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرائو کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں