کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جاسکتی ہے‘ شاہد آفریدی

پاکستان میں اب سکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے ،عالمی کرکٹ کی بحالی ہورہی ہے جو خوش آئند ہے ‘ انٹرویو

پیر 19 فروری 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جاسکتی ہے، پاکستان میں اب سکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ وہاں عالمی کرکٹ کی بحالی ہورہی ہے۔بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رہنا چاہیے اور کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر پڑی برف کو پگھلانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جبکہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن لایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں نمائشی میچ کھیل کر مزا آیا اور وہ ایونٹ بہت مثبت رہا، ان کے خیال میں اس طرح کے مزید ایونٹس مستقبل میں بھی ہونے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

سابق قومی ٹیم کے کپتان نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے خلاف عالمی مقابلوں کا انعقاد کرانا چاہیے۔پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ وہاں عالمی کرکٹ کی بحالی ہورہی ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کے دو میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کے لئے وہاں میچ ہونا ایک بڑا لمحہ ہے جب کہ پاکستان میں اس طرح کے میچز سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں