وزیر انسانی حقوق کا قصور میں خاتون پر تیزاب پھینکے جانے کی خبر کا نوٹس

خلیل طاہر سندھو کی ڈی پی او قصور کوذمہ داران کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت

پیر 19 فروری 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے قصور کی رہائشی ارم پر مبینہ طور پر سسرالیوں کی جانب سے تیزاب پھینکے جانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر نے کے ساتھ ذمہ داران کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قصور کی رہائشی ارم نامی خاتون کے ورثاء نے ارم کے سسرالیوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے ارم پر تیزاب پھینک دیا ہے اور پولیس واقعہ کا نوٹس نہیں لے رہی جبکہ ارم کا جسم 80فیصد تک جھلس گیا ہے،جس پر صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور کو ملزمان کی گرفتاری اور پولیس کو متاثرہ خاندان سے مکمل تعاون کی ہدایت کر دی ہے۔

انہوں نے ورثاء کو یقین دلایا ہے کہ ارم کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔مزید براںصوبائی وزیر نے ایم ایس جناح ہسپتال کو متاثرہ خاتون کے علاج و معالجہ کی تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہدایت کردی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں