دانش سکولوں میں2کروڑ کی مبینہ بے ضابطگیاں ،تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

بے ضابطگیوں کے رپورٹ اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی سے اسمبلی ایوان کو مطلع کیا جائے ‘خدیجہ فاروقی

پیر 19 فروری 2018 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے دانش سکولوں میں 2کروڑ کی مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ پنجاب میں دانش سکولز میں 2کروڑ روپے سے زائد مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور روزانہ کے اخراجات سمیت ٹھیکیوں کی منظور کار ریکارڈ ہی تیار نہیں کیا گیا جبکہ اٹک حافظ آباد، مظفر گڑھ، رانج پور کے سکولز میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں ،فنانشل رولز 2006کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوپن ٹینڈر نہ کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر جو کہ دانش سکول کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین بھی ہوتا ہے نے گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز ہائی ہائیر سیکنڈری سکول روجھان ڈسٹرکٹ راجن پور میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر و مرمت کے کام کیلئے بغیر کسی منظوری کی31کروڑ 77لاکھ10ہزارکا ٹھیکہ دیا گیا اور پھر متعلقہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ فورم اور ترقیاتی بورڈ سے منظوری لیے بغیر 9.31فیصد تک ٹھیکہ بڑھا دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے قومی خزانہ کو 80لاکھ روپے سے زائد نقصان ہوا۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب دانش سکول جنڈ ڈسٹرکٹ اٹک میں جاب مکس فارمولہ حاصل کئے بغیر ہی فنڈز ادا کیے گئے اور متعلقہ اتھارٹی ان ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی دینے میں ناکام رہی ۔اور کوشش کرتی رہی کہ اس کا ریکارڈ دوبارہ مرتب کرلیا جائے جبکہ حافظ آباد ،فیصل آباد میں موجود دانش سکولز میں مارکیٹ ریٹ سسٹم کی بجائے اپنے ریٹ لگائے گئے اور دانش سکول کی تعمیر ومرمت میں ناقص میٹریل کا بھی استعمال کیا گیاجو ٹھیکے دیئے گئے وہ مارکیٹ ریٹ سسٹم سے تقریباً22فیصد سے 32تک مہنگے تھے اور ٹھیکیداروںسے پرفارمنس سیکیورٹی بھی نہ لی گئی انہوںنے کہا کہ دانش سکولوںمیں بے ضابطگیوں کی رپورٹ اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی سے متعلقہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کو مطلع کیا جائے اوربے ضابطگیوں سے زائد ادا کی گئی قومی دولت واپس لے کر خزانہ میں جمع کروائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں