کاہنہ میں دو اوباشوں کی 12سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع

دانش سکولز میں مبینہ بے ضابطگیوں ، اوکاڑہ میں تنخواہ مانگنے پر با اثر مالک کا ملازمہ پر تشدد کیخلاف 2تحاریک التوائے کار بھی جمع کروا دی گئیں

پیر 19 فروری 2018 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) کاہنہ میں دو اوباشوں کی 12سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروا دیا گیا ، پنجاب دانش سکولز میں دو کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ بے ضابطگیوں ، اوکاڑہ میں تنخواہ مانگنے پر با اثر مالک کی جانب سے ملازمہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کیخلاف 2تحاریک التوائے کار بھی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد کی طرف سے جمع کروائے گئے توجہ دلائو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ارسلان اور وقار نامی بدمعاش بچی کو ورغلا کر کھیتوں میں لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔بچی کے والدین کے مطابق ملزمان با اثر ہے اور اب صلح کیلئے دبائو ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیا اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اورپولیس نے ابھی تک کوئی ملزم گرفتار کیا ایوان کو آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب دانش سکولز میں دو کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور روزانہ کے اخراجات سمیت ٹھیکوں کی منظوری کا ریکارڈ ہی تیار نہیں کیا گیا جبکہ اٹک، حافظ آباد، مظفر گڑھ، راجن پور کے سکولز میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

سرکاری رپورٹس کے مطابق فنانشل رولز 2006 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوپن ٹینڈر نہ کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر جو کہ دانش سکول کا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین بھی ہوتا ہے نے خلاف ضابطہ ٹھیکے دیئے۔جبکہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے اوکاڑہ میں تنخواہ مانگنے پر با اثر مالک کی جانب سے ملازمہ کو شدید تشدد کا نشانہ بانے کیخلاف اسمبلی تحریک التواء جمع کرادی۔

با اثر شخصیت کے غنڈے خاتون کو نیم برہنہ کرکے بازار میں گھسیٹے رہے۔بیوہ خاتون کی دو ماہ کی تنخواہ مانگنے پر تذلیل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا اوکاڑہ کے علاقہ دیپالپور میں با اثر شخص اور موجودہ کونسلر کے گھر میں رضیہ بی بی ملازمہ تھی جس نے اپنی دو ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تنخواہ نہ ملنے پر خاتون کام پر نہ آئی جس پر گڈے شاہ اور اس کے غنڈوں نے رضیہ بی بی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نیم برہنہ کرکے بازار میں گھسیٹے رہے ۔لہذا استدعا ہے کہ اس واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے اور با اثر ملزمان کیخلاف کاروائی کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں