اقتدار عوامی ووٹوں سے ہی ملے گا امپائر کی انگلی یاچور دروازں سے نہیں ‘پرویز ملک

لیگی حکومت نے عوامی خدمت سے دل جیت لئے، وطن عزیز کو توانائی بحران اور دہشتگردی سے نجات دلائی‘ خواجہ عمران نذیر

پیر 19 فروری 2018 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ2018ء کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، امپائر کی انگلی سے فیصلوں کا وقت گذر چکا،عمران خان سن لو اقتدار عوام کے ووٹوں سے ہی ملے گا چور دروازں سے یا امپائر کی اگلی سے نہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کر کے دل جیت لئے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی وطن عزیز کو توانائی بحران اور دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی، ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔

عوام ترقی کا سفر روکنے اور ملک کو مسائل میں دھکیلنے کا جرم کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے،ان عناصر نے ساڑھے 4برس میں صرف جھوٹ کی سیاست کو پروان چڑھایا، بہتان تراشی اور جھوٹ بولنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی مہر اشتیاق،میاں مرغوب، رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہبازن سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،جاوید اقبال،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے والی جماعت مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کو معاشی ٹائیگر بنائے گی،مسلم لیگ (ن) ایک نظریے اور عوامی خدمت کا نام ہے،مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے ملک کو اندھیروں سے نکالا ہے، کرپشن، سفارش اوراقربا پروری کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور منصوبوں میں شفافیت کی حکومتی پالیسیوں کا عالمی ادارے بھی اعتراف کررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں