لودھراں کے عوام کے فیصلے کی بلند آہنگ گونج عام انتخابات میں بھی سنائی دے گی، رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ، عوام ترقی کا سفر روکنے کا جرم کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی عوامی نمائندوں اور ورکروں سے گفتگو

اتوار 18 فروری 2018 21:40

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام کے فیصلے کی بلند آہنگ گونج عام انتخابات میں بھی سنائی دے گی۔2018کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔ عمران خان سن لیں فیصلے ایمپائر کی انگلی سے نہیں ،عوام کے انگوٹھے سے ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوامی نمائندوں اور ورکروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کر کے دل جیت لئے۔

ہم دلوں تک جانے والے راستے بناتے ہیں۔ تعلیم صحت، زراعت سمیت ہر شعبے میں تاریخ ساز پراجیکٹ لانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ عوام سے کئے گئے وعدے نبھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اقوام عالم میں سر بلند ی اور خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے معاشی انقلاب کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتصادی اور معاشی بہتری کے لئے قابل تقلید اقدامات کئے۔

بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ لوگ الزام لگاتے رہے اور ہم سر جھکا کر عوام کی خدمت کرتے رہے۔ قوم5ارب ڈالر کی امریکی پیش کش مسترد کر کے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوٹ بنانے والی لیڈر شپ کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی وطن عزیز کو توانائی بحران اور دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی۔

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ۔ عوام ترقی کا سفر روکنے اور ملک کو مسائل میں دھکیلنے کا جرم کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ان عناصر نے ساڑھے 4برس میں صرف جھوٹ کی سیاست کو پروان چڑھایا۔الزام تراشی ، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں،بہتان تراشی اور جھوٹ بولنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ منفی عناصرنے اپنے صوبے میں بد ترین کارکردگی دکھائی ہے۔کے پی کے کے عوام بھی خالی نعرے لگانے والوں سے متنفرہو چکے ہیں۔یہ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اور عوام کے مسائل حل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اصل میںدیانت اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے۔اب یہاں الزام تراشی کی نہیں بلکہ صرف خدمت کی سیاست ہو گی ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی بے لوث خدمت میرا مشن ہے ۔جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت فرض سمجھ کر کرتا رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں