کرپٹ اور سیکولر قوتوں کے مقابلے میں دینی قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

حکمران اسلام دشمن پالیسیوں اور قادیانیت نوازی کی سزا بھگت رہے ہیں ‘امیر جماعت اسلامی لاہور کا تنظیمی اجلاس سے خطاب

اتوار 18 فروری 2018 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ کرپٹ اور سیکولر قوتوں کے مقابلے میں دینی قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکاہے۔حکمران اسلام دشمن پالیسیوں اور قادنیت نوازی کی سزا بھگت رہے ہیں اس سے سیکولر مائنڈسیٹ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو عبرت حاصل کرنی چاہیے ۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ماہانہ تنظیمی اجلاس میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، صدر جے آئی یوتھ لاہور شاہد نوید ملک ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محموالاحد، سابق ایم پی اے چوہدری منظور حسین گجر ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سیاسی اور عوامی جماعت ہونے کے ساتھ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے نظام کو ملک میں نافذ کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے جس کے لیے قیام پاکستان کے وقت لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ۔انہو ںنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اصولوں ،نظریے اور جمہوری اقدار کی سیاست کی ہے اور جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون اور جمہوریت کی بات کرتی آئی ہے مگر بدقسمتی سے مفاد پرست حکمرانوں نے آج تک نظریہ پاکستان کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات نہیں اُٹھائے بلکہ پاکستان کو سیکولرازم کے طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے بغیر شہر بھر میں فلاحی کاموں میں اپنا منفرد اعزاز رکھتی ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے ارکان و کارکنان اپنے علاقہ جات میں ہر سطح پر مسائل کے حل اورعوامی رابطے کو مزید بڑھائیں تاکہ آئند انتخابات کی تیاری کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جا سکے اور ملک کو اسلامی پاکستان او رخوشحال پاکستان بنانے کے لیے راہ کو ہموار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں