سپرنگ پولو کپ 2018ء کا فائنل زبردست مقابلے کے بعد رضویز/ماسٹر پینٹس نے آرمی وائٹ کو 10-6 سے ہرا کر جیت لیا

اتوار 18 فروری 2018 19:20

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سپرنگ پولو کپ 2018ء کا فائنل زبردست مقابلے کے بعد رضویز/ماسٹر پینٹس نے آرمی وائٹ کو 10-6 سے ہرا کر جیت لیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں نیوایج/گارڈ گروپ نے آرمی ریڈ کو 9-5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں ہائی گول سیزن عروج پر ہے۔ سپرنگ پولو کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) جہانگیر کرامت، لاہورپولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب، ممبرز، فیملیز کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔رضویز/ماسٹر پینٹس کی ٹیم پہلے چکر سے ہی میچ میں چھائی رہی۔

(جاری ہے)

پہلے چکر میں تین گول کرکے برتری حاصل کرلی۔ دوسرے چکر میں آرمی کی طرف سے ایک جبکہ رضویز /ماسٹر پینٹس کی طرف سے تین گول سکور ہوئے۔

تیسرے چکر میں دنوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا۔ چوتھے چکر میں آرمی وائٹ کی طرف سے چار جبکہ رضویز /ماسٹر پینٹس کی طرف سے تین گول سکور ہوئے۔ اس طرح رضویز/ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے مسلسل تیسرے فائنل میں فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ جیتنے کی ہیٹرک مکمل کرلی۔ جیتنے والی ٹیم کی طرف سے خوان کروز لوساڈا اور حمزہ مواز خان نے چار چار جبکہ سید اون رضوی نے دو خوبصورت فیلڈ گول سکور کیے۔

ہارنے والی آرمی وائٹ کی طرف سے اگناسیو ناگری اور بریگیڈیئر ذوالفقار علی بیگ نے تین تین گول سکور کیے۔ ادھر سب سڈری فائنل میں نیوایج /گارڈ گروپ نے آرمی ریڈ کو 9-5 سے ہرا دیا۔ جیتنے والی نیوایج /گارڈ گروپ کی طرف سے سلواڈور الاوا نے پانچ، تیمور علی ملک اور عدنان جلیل اعظم نے دو دو گول سکور کیے۔ آرمی ریڈ کی طرف سے میجر فیضان تصدق بھٹہ نے تین گول سکور کیے جبکہ دو گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل ہوا۔ اختتامی تقریب میں جنرل (ر) جہانگیر کرامت نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں