انڈین ڈاکٹرز کی طرف سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کے پہلے روز 200سے زائد مریضوں کا معائنہ اور فالو اپ مکمل کیا گیا

اتوار 18 فروری 2018 18:30

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء)صوبائی دارالحکومت لاہور میں انڈین ڈاکٹرز کی طرف سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کے پہلے روز 200سے زائد مریضوں کا معائنہ اور فالو اپ مکمل کیا گیا ، پاک ہیلتھ کیئر شاہ جمال میں میڈیکل کیمپ کے پہلے روز کوئٹہ ‘ژوب ‘کراچی‘سکھر ‘شکا رپور ‘شہداکوٹ ‘عمر کوٹ اوراندرون سندھ کے دیگر علاقوں سے آئے 200سے زائد مریضوں کا معائنہ اور فالو اپ کیاگیا جن میں سے متعدد مریض جو انڈیا میں لیورٹرانسپلانٹ کراچکے ہیں فالواپ کیلئے آئے جبکہ آج پیر کا دن پنجاب اور گردونواح کے مریضوں کیلئے مختص ہے،میڈیکل کیمپ میں آرٹمس ہسپتال نئی دہلی کے لیورٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹرگری راج سنگھ ‘ سینئر جنرل منیجر جی اے زیدی اور پاک ہیلتھ کیئر کے سی ای او ڈاکٹرمیاں عزیزالرحمن کا کہناتھاکہ پاکستان میں لیور کے بے شمار ایسے مریض دیکھنے میںآ ئے جن کو فوری طور پر ٹرانسپلانٹ کی ضرورت ہے،ایسے مریضوں کیلئے انڈیااور پاکستان حکومت سے بات کرکے ان کے ٹرانسپلانٹ کیلئے قائل کریں گے اورانہیں خصوصی میڈیکل ویزوں کے اجراء کا بھی بندوبست کریں گے، ڈاکٹر گری راج سنگھ کا مزید کہناتھا کہ پہلے تو ہیپاٹائٹس سی سے ہی جگر کا مرض لاحق ہوتاتھالیکن اب دیکھنے میں آیا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا مریض کی بڑی تعدادبھی جگرکی بیماریوں میں مبتلا ہورہی ہے اس لئے ہیپاٹائٹس سی کے ساتھ ساتھ بی کے مریضوں کو بھی احتیاطی تدابیر اورعلاج معالجہ کی ضرورت ہے، فری میڈیکل کیمپ میں مجموعی طور پر 400سے زائد مریضوں نے چیک اپ کیلئے رجسٹرڈ کرایا تھاجن کو لیور ٹرانسپلانٹ کی ضرورت ہے ان کو انڈیامیں لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے لے جایاجائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں