عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھے بغیر کوئی بھی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا‘عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘ختم نبوت کانفرنس بادشاہی مسجدمیں تمام مسلمان بھرپورانداز میں شرکت کر یں‘عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما ؤں کا جوہر ٹاؤن،شاہ جمال میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب

اتوار 18 فروری 2018 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام ختم نبوت کانفرنس مکی مسجد جوہرٹاؤن ،شاہ جمال لاہور میں منعقد ہوئیں۔کانفرنس میں شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا ،مولانا عزیزالرحمن ثانی،مولانا قاری علیم الدین شاکر،پیررضوان نفیس جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما فریداحمدپراچہ،امیر العظیم ،پیررضوان نفیس ،حافظ محمدنعمان حامد،متحدہ علماء کونسل جوہرٹاؤن لاہور کے مرکزی رہنما مولانا اسلم ندیم ،مولانا عبدالنعیم،مولانا فاضل عثمانی،بھائی محمدطاہر،بھائی ذیشان اوردیگر علماء کرام نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

کانفرنس سے بیان کرتے ہوئے مولانا اللہ وسایا نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت دین کا اساسی اور بنیادی عقیدہ ہے ،قرآن میں ایک سو مرتبہ اور احادیث میں دوسو دس مرتبہ عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت اور فضیلت کو بیان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے امت مسلمہ نے ہمیشہ اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کیا ہے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے بارہ سو صحابہ کرام نے جام شہادت نوش کیا ہے،جن میں سات سو صحابہ کرام قرآن حافظ تھے اورستربدری صحابہ بھی ان شہداء ختم نبوت میں شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے پسندیدہ اور منتخب لوگوں سے اپنے محبوب ﷺ کی ختم نبوت کے تحفظ کا کام لیتا ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم نشرواشاعت مولانا عزیزالرحمن ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگزبرداشت نہیں کریں گے۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ناموس رسالت ایکٹ کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا ۔

ناموس رسالت کا قانون تمام انبیاء کرام کی عزت اور ناموس کی حفاظت کا دربان اور چوکیدار ہے ،آئین کی دفعہ295-C تحفظ ناموس رسالت ایکٹ کیخلاف کوئی بات برداشت نہیں کریں گے ۔مولانا قاری علیم الدین شاکرنے بیان کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت قانون کیخلاف یہودی و قادیانی لابی سازشوں میں مصروف عمل ہے،ماضی میں بھی ایسی ناپاک کوشش کی گئی لیکن ان طاغوتی قوتوں کا تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تحفظ ناموس رسالت ایکٹ کی حفاظت کی۔

اسلامیان پاکستان ناموس رسالت ایکٹ کیخلاف کوئی بھی سازش ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔غیور مسلمان اپنا سب کچھ قربان کردیں گے لیکن ناموس رسالت پر ہرگزآنچ نہیں آنے دیں گے۔علماء کرام نے کہا کہ اسلام و ملک دشمن قوتوں اور انکے آلہ کاروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ آئین کی اسلامی دفعات اور تحفظ ناموس رسالت کے ایکٹ کیخلاف اپنی مہم جوئی بند کریں۔علماء کرام نے حاضرین سے عودہ لیا کہ وہ ختم نبوت کانفرنس بادشاہی مسجدمیں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں