متحدہ مجلس عمل میں عہدوں کے حوالے سے ہمارے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ‘ لیاقت بلوچ

جس دن ایم ایم اے کا اجلاس بلائیں گے ، مرکزی کونسل کے دستور کے مطابق تمام عہدیداروں کا چنائو کردیا جائیگا

ہفتہ 17 فروری 2018 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کی تشکیل اور فعال کرنے کا فیصلہ ہوچکاہے ،متحدہ مجلس عمل میں عہدوں کے حوالے سے ہمارے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہے ، جس دن ایم ایم اے کا اجلاس بلائیں گے ، مرکزی کونسل کے دستور کے مطابق تمام عہدیداروں کا چنائو کردیا جائے گا۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کا اجلاس 25 فروری کے بعد اور 5 مارچ کے درمیان کرانے کے حوالے سے آئندہ ایک دو روز میں تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ ہمیں یقین ہے کہ متحدہ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں کلیدی ، جوہری اور اہم کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ ایم ایم اے میں شامل ممبر جماعتوں کی الیکشن کمیشن سے رجسٹریشن کا پراسس مکمل ہونا ہے اور آئندہ ایک ہفتے تک یہ مرحلہ بھی مکمل ہو جائے گا ۔

ایک اور سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف نااہل ہوچکے ہیں اور احتساب عدالت میں ان پر کیسز کا مرحلہ اپنے اختتام پر ہے ۔ عدلیہ کو اپنے وقار کو برقرار اور ججز کو اپنے اعصاب کو مضبوط رکھنا چاہیے۔ کرپٹ مافیا تو حالات کو خراب کرنے کا بڑا ماہر ہے اور ججوں کو ان کے تبصروں یا جلسوں میں تقریروں پر نہیں جانا چاہیے اور آن ریکارڈمیرٹ ، آئین و قانون کے مطابق احتساب عمل کو ترجیح دینی چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں