ٹیکسٹائل سیکٹر سے منسلک ایسوسی ایشنز کا برآمدی انڈسٹری کیلئے بجلی ،گیس کی زائد قیمتوں ،ریفنڈ کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار

ریفنڈ کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ، پنجاب میں بجلی ،گیس کی قیمتیں بھی دوسروں صوبوں کی نسبت زائد ہیں ، عالمی منڈی میں دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کر سکتے آئندہ چند دنوں میں معاملہ حل نہ ہوا تو سڑکوں پر شدید احتجاج کرینگے ‘اپٹما ہائوس میں عامر فیاض ،وحید خالق رامے ،اعظم خان و دیگر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 17 فروری 2018 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) ٹیکسٹائل سیکٹر سے منسلک ملک کی چھ ایسوسی ایشنز نے برآمدی انڈسٹری کیلئے بجلی ،گیس کی زائد قیمتوں اور ریفنڈ کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ آئندہ چند دنوں میں حل کیا جائے ،ورنہ سڑکوں پر شدید احتجاج کریں گے ،گزشتہ پانچ سال میں پاکستان کی برآمدات 25ارب ڈالر سے کم ہو کر 20ارب ڈالر رہ گئی ہیںجبکہ اب تک سو سے زائد ٹیکسٹائل ملز بند ہونے سے دس لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں ۔

اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپٹما ہائوس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اپٹما کے چیئرمین عامر فیاض ، کونسل آف لوم اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید خالق رامے ، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار اعظم خان ، پریگمیا کے عہدیدار محمد مبشر ،پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد کمال اور پاکستان ٹیکسٹائل پراسسنگ ملز ایسوسی ایشن کے عہدیدار حاجی ایوب نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز متفق ہیں کہ حکومت برآمدات میں اضافے پر مبنی پالیسی بنائے ۔اس وقت بجلی کے فی یونٹ پر 3.60روپے کا سرچارج عائد کیا گیا ہے اسی طرح پنجاب میں گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 1250 روپے ہے جس کے باعث ہم عالمی منڈی میں دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کر سکتے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں پاکستان کی برآمدات 25ارب ڈالر سے کم ہو کر 20ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2016ء سے اب تک انڈسٹری کو ریفنڈ ادا نہیں کیا گیا ، حکومت وعدے پر وعدے کرتی ہے لیکن ریفنڈ کی ادائیگی نہیں کی جاتی ، اب تک سو سے زائد ٹیکسٹائل ملز بند ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے دس لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں ۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کریں گے کیونکہ وہ بہت فعال ہیں ان سے کہیں گے کہ گیس کی قیمت جو دوسروں صوبوں میں رائج ہے یہاں بھی وہی مقرر کی جائے اور ریفنڈ بھی دلائیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت انڈسٹری کو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور نہیں کرے گی اور ہمارے مطالبا ت تسلیم کر لیے جائیں گے۔ اس موقع پر اپٹما کے چیئرمین عامر فیاض نے واضح کیا کہ اپٹما کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتی ، ہمارا مقصد صرف برآمدات میں اضافہ کرنا ہے اسی لیے یہاں سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جاتا ہے ۔ عمران خان کو مدعو کیا ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو بھی دعوت نامے ارسال کیے ہیں تاکہ سب برآمدات بڑھانے کیلئے ایک پیج پر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جی ڈی پی میں ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کا حصہ 13.5فیصد ہے جبکہ کل ٹیکسز میں 58فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے اس کا مطلب ہے کہ بہت سے ایسے سیکٹرز ہیں جو ٹیکس نیٹ میں نہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں