برطانیہ میں پاکستانی تاجروں کے لیے اچھے مواقع ہیں جن سے باہمی روابط میں اضافہ،جدید کاروباری تکنیکوںسے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، لارڈ نذیر احمد

پاکستانی تاجر برادری کو لارڈ نذیر سے توقعات وابستہ،انجینئرنگ، ای کامرس اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کی گنجائش ہے،صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید

ہفتہ 17 فروری 2018 15:57

برطانیہ میں پاکستانی تاجروں کے لیے اچھے مواقع ہیں جن سے باہمی روابط میں اضافہ،جدید کاروباری تکنیکوںسے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، لارڈ نذیر احمد
لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) برطانوی پارلیمنٹ کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ برطانیہ کے بہت سے شعبوں میں پاکستانی تاجروں کے لیے بہت اچھے مواقع ہیں جن سے باہمی روابط میں اضافے اور جدید کاروباری تکنیکوں کے ذریعے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور دیگر ممبران سے چیمبر میں ملاقات کے دوران لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ جن ممالک میں نجی شعبہ فعال ہے وہی معاشی لیڈرز کا کردار ادا کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی نجی شعبہ ملک کو معاشی قوت بنانے کی صلاحیت رکھتاہے لہذا اسے آگے آنا چاہیے، انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے لیکن انہوں نے عالمی فورمز پر بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کو لارڈ نذیر سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، انہوں نے ہائوس آف لارڈز میں جس طرح کشمیر کے حق میں آواز بلند کی اسے سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی منڈی ہے جو برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے بہت کشش رکھتی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ، انجینئرنگ، ای کامرس اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں میں شرکت ایک دوسرے کو جاننے اور ضروریات سے آگاہی کے اچھے ذرائع ہیں، دونوں ممالک کے تاجروں کو اس جانب زیادہ توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں جن سے فائدہ اٹھاکر تجارت مزید بڑھانی چاہیے، برطانیہ پاکستان کے لیے پانچ بڑی برآمدی منڈیوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے اور اس کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ وفد کا دورہ بڑا بہترین ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری مزید بہتر ہوگی۔اس موقع پر ظفر اقبال چودھری، اویس سعید پراچہ، نعیم حنیف، شاہد نذیر، ظفر اقبال، محمد وسیم اور محمد چودھری بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں