عام انتخابات سے ملک کی سمت کا تعین ہونا ہے ،با شعور عوام درست فیصلہ سنائیں گے‘ جمشید اقبال چیمہ

حکمرانوںکا یہ کہنا آئندہ اقتدار میں آئینگے تو عوام کی حالت بدلیں گے انتہائی مضحکہ خیز ہے‘ سینئر نائب صدر

ہفتہ 17 فروری 2018 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کا یہ کہنا کہ آئندہ اقتدار میں آئیں گے تو عوام کی حالت بدلیں گے انتہائی مضحکہ خیز ہے ،پسے ہوئے طبقات کبھی بھی حکمرانوں کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں رہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران جو منشور پیش کیا تھا اقتدار میں آنے کے بعد اسے سمندر برد کر کے اپنی تسکین کے لئے پالیسیاں تشکیل دی گئیں۔

شہباز شریف دس سال سے پنجاب میں اقتدار میں ہیں لیکن وہ آج کہہ رہے ہیں کہ آئندہ حکومت میں آکر کینسر کا ہسپتال بنائیں گے ۔ جن حکمرانوں کو چھینک آنے پر بھی بیرون ملک علاج کی سہولتیں میسر ہوں انہیں غریب عوام کوصحت کی سہولیات فراہم کرنے میں کیوںدلچسپی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قوم سوال کرتی ہے کہ وزراء جو قوم کے ٹیکسوں سے مراعات لیتے ہیں کیا ان کا کام لوٹ مار پرنا اہل ہونے والی اپنی قیادت کا دفاع کرنا ہے ۔

پانامہ فیصلے کے بعد سے وزراء نے اپنے محکموں میں فرائض سر انجام دینے کی بجائے اپنی قیادت کے دفاع میں ’’ اوور ٹائم ‘‘ لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف جو موقف اپنایا تھا اس پر ڈٹے رہے جس کی بدولت شفافیت کے دعویدار حکمرانوں کے چہروں سے نقاب اترا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے ملک کی قسمت کا فیصلہ ہو گا ،عوام کو چاہیے کہ سیاسی جماعتون اور انکے امیدواروں کے کردار کو جانچیں اور اپنا فیصلہ کریں کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ آئندہ عام انتخابات سے ملک کے مستقبل کی سمت کا تعین ہونا ہے اور یقینا با شعور عوام درست فیصلہ سنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں