فاطمہ جناح میموریل میڈیکل کالج میں نئے آنے والے طلبہ کیلئے ویلکم پارٹی کا انعقاد

جمعہ 16 فروری 2018 23:08

لاہور۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) المحمدیہ سٹوڈنٹس اور مسلم میڈیکل مشن کے اشتراک سے فاطمہ جناح میموریل میڈیکل کالج میں نئے آنے والے طلبا کیلئے ویلکم پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی چیف کوارڈینیٹر مسلم میڈیکل مشن ڈاکٹر ناصر ہمدانی اور المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی رہنما حنظلہ عماد تھے۔ اس موقع پر طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید براں طلبا کو پیش آمدہ تکنیکی مسائل ،مشکلات اور ان کے حل اور سٹڈی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر چیف کوارڈینیٹر مسلم میڈیکل مشن ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے نئے آنے والے طلبا کو داخلے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوان طلبا ہی کسی بھی قوم کی طاقت ہوتے ہیںکیونکہ مستقبل میں انہی طلبا نے ملک کی بھاگ دوڑ کو سنبھالنا ہوتا ہے اور عوام کی خدمت کرنا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

طب کا شعبہ ایک عظیم شعبہ ہے جو کہ خدمت کیساتھ ساتھ عبادت بھی ہے۔ ہمیں ایک اچھے ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا ،ذمہ دار اور باوقار شہری بھی بننا ہے تاکہ مستقبل میں عوام الناس کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کرسکیں اور پاکستان کی سرحدی دفاع کے ساتھ ساتھ نظریاتی دفاع بھی کیا جا سکیں۔ اس موقع پرالمحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی رہنما حنظلہ عماد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کا سب سے بڑا ہدف ہمارے تعلیمی اداروں کے طلبا ہیں جن میں سیکولرازم کو پھیلایا اور منشیات کے رحجان کو بھی عام کیا جا رہا ہے تاکہ یہ طلبابے راہ روی کا شکار ہو کر اپنے اصل مقصد سے ہٹ جائیں ۔

ہمیں اپنی تعلیم کو حاصل کر نے کے سات ساتھ اسلامی اقدار کو بھی لازم پکڑنا ہے تاکہ ہم اچھے ڈاکٹر کے ساتھ اچھے مسلمان بھی بن سکے۔ طلبا نے المحمدیہ سٹوڈنٹس اورمسلم میڈیکل مشن کی اس کاوش کو خوب سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں