دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب کی انڈسٹری سے گیس ،بجلی کے زائد نرخوںکی وصولی قابل تشویش ہے ‘ اپٹما

ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تمام ایسوسی ایشنز کی جانب سے آج مشترکہ پریس کانفرنس کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائیگا

جمعہ 16 فروری 2018 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) کے ترجمان نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب کی انڈسٹری کو گیس اور بجلی زائد نرخوںپرفراہم کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز کی ایسوسی ایشنز آج (ہفتہ) کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی ۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس 1250روپے فی ایم ایم بی ٹی یو فراہم کی جارہی ہے جبکہ دیگر صوبوں میں یہ قیمت 600روپے ہے ۔

پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بجلی کا فی یونٹ 3روپے 60پیسے سرچارج کے ساتھ وصول کیا جارہا ہے ۔ یہ لاگت غیر ملکی خریداروں کو منتقل نہیں کر سکتے جسکی وجہ سے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ساتھ یہ رویہ غیر منصفانہ ہے ۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تمام ایسوسی ایشز نے متعدد بار ان مسائل کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سامنے رکھا ہے لیکن ابھی تک شنوائی نہیں ہو سکی ۔ترجمان نے کہا کہ اس مسئلے پر پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تمام ایسوسی ایشنز نے آج ( ہفتہ ) کے روز مشترکہ پریس کانفرنس کر یں گی جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بندش، احتجاج اور یوم سیاہ منانے سمیت دیگر آپشنز اختیار کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں