لاہور، خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگا کر ویڈیو بنانے کے کیس کے دو ملزمان تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

جمعہ 16 فروری 2018 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) ضلع کچہری کی عدالت نے فیصل آباد میں خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگا کر ویڈیو بنانے کے کیس کے دو ملزمان کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ضلع کچہری کی عدالت نے فیصل آباد میں خواتین کی خفیہ کیمروں سے ویڈیو بنا کر انکو بلیک میل کرنے کے کیس کی سماعت کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز باجوہ نے ایف آئی اے انسپکٹر پراسیکیوٹر منعم چوہدری کے دلائل سنے۔عدالت نے دونوں ملزمان کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے چن ون روڈ لیوائس برانڈ فیصل آباد کی دوکان پر ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگا رکھے تھے۔مقدمہ مدعی نعمان ظفر اپنی بہن کے ساتھ شاپنگ کرنے دوکان میں گئے۔

(جاری ہے)

جہاں پر مدعی کے بہن نے کپڑے تبدیل کرنے کے بعد نعمان ظفر کو بتایا کہ مجھے لگتا ہے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگے ہیں۔ چیک کرنے پر ملزمان نے مقدمہ مدعی کو دھمکیاں بھی دیں اور موبائل بھی چھین لیا ۔ ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش اور ڈیجیٹل میڈیا کی برآمدگی کے لیے 14 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد تفتیش اور ڈیجیٹل میڈیا کی برآمدگی کے لیے دونوں ملزمان کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں