جی سی یونیورسٹی میں ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ کے قتل کے خلاف احتجاجی واک کا انعقاد

پولیس حکام یونیورسٹی سے رابطے میں ہیں ، امید ہے مقتول کی فیملی کو جلد انصاف ملے گا‘وائس چانسلرجی سی یونیورسٹی

جمعہ 16 فروری 2018 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ کے قتل کے خلاف پرامن احتجاجی واک کا انعقاد،مقتول کے دو کمسن بیٹوں سمیت طلباء اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔واک کا انعقاد یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حامد مختار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وجہ اتنی بڑی نہیں ہو سکتی کہ کسی انسان کے قتل کو جسٹی فائی کر سکے، ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ اس قتل میں جو بھی ملوث ہے اسے سخت اور جلد سزادی جائے۔

پروفیسر حامد مختار نے میڈیا سے بھی درخوات کی کہ وہ اس قتل سے متعلق غیر حتمی رپورٹس شائع نہ کریں،کیونکہ اس سے طلباء اور اساتذہ کے غم میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

واک میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر حسن امیر شاہ نے بھی شرکت کی اور مقتول کے بچوں کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کا ہر استاد ان کے والد کے قتل کے کیس کی پیروی کرے گا، تاکہ ملزمان کو سزا دلوائی جا سکے۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ ہمارے دروازے ہر قسم کی رہنمائی اور سپورٹ کے لیے کھلے ہیں،وہ کبھی ایسا محسوس نہ کریں کے انکے والد صاحب اب جی سی یونیورسٹی میں نہیں رہے۔وائس چانسلرنے مقتول کی فیملی کو بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اس واقع کا فوری نوٹس لیا تھا اور تب سے پولیس حکام یونیورسٹی سے رابطے میں ہیں اور انہیں پوری امید ہے کہ انہیں جلد انصاف ملے گا۔جی سی یو کے ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئر نگ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہاکہ ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ کا اخلاق بہترین تھا،ہم نے ایک اچھا استاد کھو دیا ہے۔یونیورسٹی کا ہر طالبعلم اور استاد ان کی وفات پر غم زدہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں