بھارت کی جانب سے سکول وین پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے کیخلاف مذمتی سمیت 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

نواز شریف ،مریم نواز کے عدلیہ کیخلاف مسلسل بیانات قابل مذمت ، انسانی اسمگلنگ کرنیوالے گروہوں کیخلاف سخت آپریشن کیا جائے ‘ متن

جمعہ 16 فروری 2018 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) بھارت کی جانب سے سکول وین پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے کیخلاف مذمتی سمیت 3قرار دادیں اور 2تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئیں ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی کی طرف سے جمع کروائی گئی مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران سینکڑوں مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں اور کئی پاکستانی شہری،سیکیورٹی اہلکار اور معصوم بچے بھارتی جارحیت کا نشانہ بن چکے ہیں۔لہذا یہ ایوان بھارت کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت خطے کے حالات کیلئے شدید خطرہ بن چکا ہے اس کی کاروائیوں کا نوٹس لیا جائے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے عدلیہ کیخلاف مسلسل بیانا ت پر پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کروائی۔اپنی مذمتی قرار داد میں انہوںنے کہا کہ مریم نواز شریف کا یہ کہنا کہ چیف جسٹس انتقام لے رہے ہیں انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ریمارکس ہیں چیف جسٹس کیوں انتقام لینگے ،عدالتوں نے انتقام لینا ہوتا تو نواز شریف ،مریم نواز، حسن نواز ،کیپٹن صفد ر کو اس وقت ہتھکڑیاں لگوادیتے جب انہوںنے کیبلری فائونٹ کی جعلی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھیں ، حکمران خاندان کی طرف سے چیف جسٹس کے ریمارکس کو انتقامی قرار دینا اور اپنی نااہلی کو عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ اور عدلیہ کو تنبیع کہ غلطی کو دہرانا اس سے بھی سنگین غلطی ہوگی جس کے نتائج ہونگے تمام بیانا ت کھلم کھلا توہین عدالت ہیں اور عدلیہ کو اپنے خلاف کیسوں سے روکنے کی ناکام کوشش ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کیخلاف اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسانی سمگلنگ کرنے والے گروہ سرگرم ہیں۔جو اب تک ہزاروں افراد کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیج چکے ہیں۔یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ غیر قانونی طور پر انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کیخلاف سخت آپریشن کیا جائے اور جو غریب شہری ان کا شکار بن چکے ہیں ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

تحریک انصاف کی رکن اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ میں تشنج (ٹیٹنس) کے وارڈ نایاب ہیں عوام میںآگاہی ہے اور نہ ہی سرکاری ہسپتالوں میں تشنج کے وارڈز بن سکے ، محکمہ صحت کی جانب سے تشنج جیسے خطرناک مرض کے بارے میں کسی قسم کی آگاہی نہیں دی جا رہی جس کے باعث چوٹ کے مریض تشنج کا انجکشن لگانے کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی چینل کے پروگرام کے مطابق محکمہ صحت پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے ورکرز کو تحفظ فراہم نہیں کر سکا جس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پر 20 سے زائد حملے ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت نے انسداد پولیو مہم کی تمام ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی اور چند اپنے چہیتے ورکرز کو سیکورٹی دی جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کے حوالے سے قانون سازی نہیں کر سکی محکمہ صحت کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے پولیو مہم کے ورکرز عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ مزید براں ڈبلیو ایچ او پہلے ہی عندیہ دے چکی ہے کہ 2018 کے بعد اس انسداد پولیو کی مد میں فنڈز فراہم نہیں کرے گی۔ جس پر حکومت پنجاب نے 2018 میں پنجاب کو پولیو فری بنانا تھا موجودہ حالات میں پنجاب حکومت کا یہ دعویٰ پورا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں